نیوزی لینڈ کے قاتل شیر کو نہیں مارا جائے گا

ابھی تک آز شیر کو عوام کے سامنے دوبارہ لانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنابھی تک آز شیر کو عوام کے سامنے دوبارہ لانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا

نیوزی لینڈ میں حکام کے مطابق چڑیا گھر کے اس شیر کو مارنے کا کوئی ارادہ نہیں جس نے حملہ کر کے ایک ملازمہ کو ہلاک کر دیا تھا۔

ہیملٹن کے چڑیا گھر میں اتوار کو سماٹرا کے نر شیر آز (Oz) نے حملہ کر کے چڑیا گھر کی سینیئر اہلکار 43 سالہ سمینتھا کدویہ کو ہلاک کر دیا تھا۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا۔

تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آز کو تکلیف دیے بغیر مارنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ہیملٹن سٹی کونسل کے جنرل مینیجر لانش ویروٹ کے مطابق وہ (شیر) اپنی نسل کا قابل ذکر جانور ہے اور افزائش نسل کے پروگرام میں اہمیت کا حامل ہے۔

’اگرچہ آز جیسے جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والے چڑیا گھر کے عملے کو کسی حد تک خطرہ لاحق رہے گا لیکن یہ اتنا زیادہ نہیں ہے۔‘

’یہ ہمارا فیصلہ ہے کہ آز ہمارے ساتھ رہے گا۔‘

شیر کے حملے میں ہلاک ہونے والی چڑیا گھر کی ملازمہ سمینتھا کدویہ دو بچوں کی ماں تھیں اور انھوں نے چڑیا گھر میں کام کرنے والے ایک ملازم سے شادی کی تھی۔

سمینتھا اتوار کو چڑیا گھر میں شیر کے حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں

،تصویر کا ذریعہHamilton Zoo

،تصویر کا کیپشنسمینتھا اتوار کو چڑیا گھر میں شیر کے حملے میں ہلاک ہو گئی تھیں

کدویہ کو چڑیا گھر میں کام کرنے کا 20 سالہ تجربہ تھا اور وہ ہیملٹن چڑیا گھر کی نائب سربراہ بھی تھیں۔

ان کے خاندان کے مطابق وہ جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی پرجوش کارکن تھیں۔

اس وقت چڑیا گھر میں تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک حکام نے تصدیق نہیں کہ آیا سمینتھا کدویہ کو آز کے پنجرے میں جانے کی اجازت حاصل تھی۔

تاہم سٹی کونسل کے جنرل مینیجر لانس ویروٹ کے مطابق زیادہ تر یہ رائے یہ پائی جاتی ہے کہ آز نے اپنی قدرتی حیوانی فطرت کی وجہ سے ایسا کیا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم ابھی بھی حادثے کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور دنیا بھر کے چڑیا گھروں کی حمایت پر وہ شکرگزار ہیں۔

ہیملٹن چڑیا گھر جمعرات تک بند رہے گا، تاہم حکام نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ آیا آز کو دوبارہ چڑیا گھر کے دیگر چار شیروں کے ساتھ عوام سامنے لایا جائے گا کہ نہیں۔