ٹسلا الیکٹرک کار کی ڈھائی لاکھ سے زیادہ بکنگ

ٹسلا ماڈل 3 کی جمعرات کو رونمائی کی گئی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنٹسلا ماڈل 3 کی جمعرات کو رونمائی کی گئی

ٹسلا موٹر کار کے بانی اور اس کے چیف ایگزیکٹیو ایلن مسک نے کہا ہے کہ ان کی برقی کار ماڈل 3 کے لیے ڈھائی لاکھ سے زیادہ پیشگی آرڈرز آئے ہیں۔

کیلیفورنیا کی اس کمپنی نے جمعرات کو اپنی سب سے کم قیمت والی پانچ نششتوں والی کار کی رونمائی کی تھی۔

مسٹر مسک نے ٹویٹ کیا ہے کہ وہ مزید تفصیلات اتوار اور بدھ کو فراہم کریں گے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پیشگی آرڈر کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ سارے کے سارے لوگ ماڈل تھری کار خرید ہی لیں گے۔ یہ کار آئندہ سال سنہ 2017 کے اواخر میں صارفین تک پہنچے گی۔

برطانیہ، برازیل، چین، نیوزی لینڈ اور بھارت سمیت اسکی تقریباً ایک درجن ممالک میں پیشگی بکنگ ہو چکی ہے۔

یہ کار ایک بار چارج کرنے پر 346 کلو میٹر تک چل سکتی ہے
،تصویر کا کیپشنیہ کار ایک بار چارج کرنے پر 346 کلو میٹر تک چل سکتی ہے

ممکنہ خریدار ایک ہزار ڈالر کے عوض اس کار کی بکنگ کرا سکتے ہیں۔ لوگوں کی اس کے بارے میں دلچسپی دیکھ کر مسٹر مسک نے ٹویٹ کیا کہ ’کمپنی کو یقیناً اس کے پروڈکشن کے منصوبے کے بارے میں پھر سے غور کرنا پڑے گا۔‘

مسٹر مسک کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف سال میں پانچ لاکھ کاریں بنانے کا ہے۔

اس کا بنیادی ماڈل 35 ہزار ڈالر میں آئے گا اور ایک بار چارج کرنے پر اس سے تقریباً ساڑھے تین سو کلو میٹر کا سفر کیا جا سکتا ہے۔

مسک کا خیال ہے کہ ایک سال میں پانچ لاکھ گاڑیاں بنائیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنمسک کا خیال ہے کہ ایک سال میں پانچ لاکھ گاڑیاں بنائیں

ٹسلا نے گذشتہ سال 50 ہزار سے زیادہ کاریں تیار کیں جو کہ ان کا ماڈل ایس سیلون تھی اور یہ نیسان کی لیف کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے زیادہ بکنے والی الیکٹرک کار بن گئی۔

اس کے باجود کمپنی نے تقریباً 89 کروڑ ڈالر کا خسارہ دکھایا ہے جس کی ایک وجہ تو بظاہر یہ نظر آتی ہے کہ اس نے کار کی تحقیق اور اس کی تیاری پر 71 کروڑ ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کی ہے۔