2015 کی آخری سہ ماہی میں ٹوئٹر کی صارفین کی تعداد نہ بڑھی

،تصویر کا ذریعہGetty

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سہ ماہی آمدن میں کمی اور صارفین کی تعداد نہ بڑھنے پر بازار حصص میں شیئر مندی کا شکار رہا۔

سنہ 2015 کے آخری تین ماہ کے دوران ٹوئٹر کا خسارہ نو کڑوڑ ڈالر رہا جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران خسارہ ساڑھے بارہ کڑوڑ ڈالر سے زائد تھا۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے گذشتہ تین ماہ میں صارفین کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے اور ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 32 کروڑ ہے جو گذشتہ سہ ماہی میں بھی اتنی ہی تھی۔

یہ پہلی سہ ماہی ہے کہ ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اُس کی آمدن میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس اعلان کے بعد بازارِ حصص میں ٹوئٹر کے شیئرز میں 10 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔

ٹوئٹر کے مقابلے میں سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس کے صاررفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور فیس بک کے صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب جبکہ انسٹا گرام کے صارفین کی تعداد 40 کروڑ ہے۔

سرمایہ کار ٹوئٹر کی جانب سے فراہم کی جانے والی مضنوعات میں تبدیلیوں کے منتظر ہیں۔

اس سے قبل ٹوئٹر نے کہا تھا کہ وہ صارفین کی تعداد بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ جیسے بہترین ٹویٹ سب سے پہلے ظاہر ہو۔