ٹوئٹر کے پہلے اشتہار نے ناظرین کو الجھا دیا

بعض ناظرین کو بعد میں اپنی الجھاہٹ کا اظہار کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر آنا پڑا

،تصویر کا ذریعہTWITTER

،تصویر کا کیپشنبعض ناظرین کو بعد میں اپنی الجھاہٹ کا اظہار کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر آنا پڑا

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر کے ٹی وی پر چلنے والے پہلے اشتہار نے بعض امریکی ناظرین کو الجھا دیا ہے۔

ٹی وی چینل پر چلنے والے اس اشتہار میں بیس بال کے حوالے سے ٹویٹس کو شامل کیا گیا ہے جسے بیس بال کے سیزن کی آخری ورلڈ سیریز کی نشریات کے دوران دکھایا گیا۔

اس اشتہار میں تحریر کو اتنی تیزی سے دکھایا گیا کہ بعض ناظرین کو بعد میں اپنی الجھاہٹ کا اظہار کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر آنا پڑا۔

اشتہار کا مقصد ان ’لمحات‘ کی تشہیر کرنا تھا جو سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ’ٹوئٹر کا یہ اشتہار بہت ہی برا تھا‘۔ مجھے نہیں لگتا کہ اسے دیکھ کر کسی کو بھی یہ محسوس ہوگا کہ اسے یہ سہولیات استعمال کرنے کی دعوت دی جا رہی ہے یا اس میں کوئی اہم چیز دکھائی دی ہوگی۔‘

بلاگر جان گربر نے اس اشتہار کی تعریف ’سمجھ سے بالاتر‘ کہہ کر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اتنا کچھ کیا صرف یہ کہنے کے لیے کہ کسی کو نکالا جا رہا ہے۔‘

ٹوئٹر کو حالیہ دنوں میں اپنے نیٹ ورک پر نئے صارفین کو لانے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنٹوئٹر کو حالیہ دنوں میں اپنے نیٹ ورک پر نئے صارفین کو لانے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے

تاہم ایک صارف نے اس اشتہار کی مثبت انداز میں تعریف بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ٹوئٹر کا یہ اشتہار بہت اچھا تھا۔‘

ٹوئٹر کو حالیہ دنوں میں اپنے نیٹ ورک پر نئے صارفین کو لانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس مسلے کی وجہ شاید ٹوئٹر کے استعمال کرنے میں عام لوگوں کو مشکل ہونا ہے۔

ڈیجیٹل مہم کار جارج نیمے کا کہنا ہے کہ ’میں بیس بال کا فین ہوں اور میں سنہ 2007 سے ٹوئٹر استمعال کر رہا ہوں۔ سچ بات تو یہ ہے کہ مجھے اس اشتہار کو سمجھنے میں بہت مشکل پیش آئی ہے۔‘

’مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ ایک ایسے شخص کے لیے کیسا ہوگا جو ٹوئٹر کو نہیں جانتا۔ یہ بہت تیز تھا اور ایسا لگتا تھا کہ بہت سی چیزوں کو جوڑا ہوا ہو۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ کچھ سال قبل ٹوئٹر پو صارفین کی تعداد ہر سال بڑھ رہی تھی لیکن سنہ 2015 کے آغاز سے اب تک اس میں 20 فیصد کی کمی آئی ہے۔