جیک ڈورسی ٹوئٹر کے نئے سربراہ مقرر

،تصویر کا ذریعہTwitter

    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

ٹوئٹر نے اپنے عبوری سربراہ جیک ڈورسی کو کمپنی کا مستقل سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے سربراہ ڈِک کوسٹیلو کے اپنے عہدے سے علیحدہ ہونے کے بعد سے ڈورسی عبوری طور پر سربراہ کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔

ٹیک ویب سائٹ دی ورج کے مطابق ٹوئٹر کے سرمایہ کاروں کا اصرار تھا کہ ڈورسی ہی کو اس عہدے پر مقرر کیا جائے، کیونکہ ان کے علاوہ کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو کمپنی کے بارے میں اتنی بہتر معلومات رکھتا ہو۔

یاد رہے کہ ڈورسی ٹوئٹر کے شریک بانی تھے اور جون سے عبوری طور پر اس عہدے پر کام کر رہے تھے جب ڈِک کوسٹیلو نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

ڈورسی ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ سکوئر کے چیئرمین اور سربراہ کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر نے ایڈم بین کو کمپنی کا چیف آپریٹنگ افیسر مقرر کیا ہے جبکہ اینٹنی نوٹو کو چیف فائنینشل آفیسر مقرر کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

ٹوئٹر کے بورڈ میں موجود سرمایہ کار پیٹر کیوری نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’بورڈ نے ایک جامع عمل کے ذریعے ٹوئٹر کے لیے بہترین سربراہ مقرر کیا اور ہم جیک کے تقرر پر مکمل طور پر متفق ہیں۔‘

مبصرین کا کہنا ہے کہ جیک اس عہدے پر فائز ہونے کے بعد بورڈ میں نمایاں تبدیلیاں لائیں گے۔