دیو قامت پانڈے کے ہاں ننھے پانڈوں کی آمد

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکہ کے ایک چڑیا گھر میں ایک دیو قامت پانڈے نے دو بچوں کو جنم دیا ہے۔
واشنگٹن کے سمتھ سونیئن نیشنل چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انھیں گذشتہ ہفتے الٹراساؤنڈ میں ہی یہ علم ہوا کے می جیانگ (پانڈا) حاملہ ہے۔ چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں بچے صحت مند ہیں۔
دنیا میں دیو قامت پانڈے کی نسل معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور چڑیا گھر یا پنجروں میں ان کی افزائش نسل انتہائی مشکل عمل ہے۔
قومی چڑیا گھر امریکہ کے ان چار چڑیا گھروں میں سے ایک ہے جن میں یہ پانڈے موجود ہیں جو چین سے لائے گئے ہیں۔
می جیانگ کے دو اور بھی بچے ہیں جو چڑیا گھر میں آنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
جیسے ہی ننھے پانڈے کی آمد کا اعلان ہوا لوگوں کی غیر متوقع بھیڑ کے باعث اس کے احاطے میں لگا پانڈا کیمرا ٹوٹ گیا۔

،تصویر کا ذریعہEPA
مادہ پانڈا سال میں صرف دو یا تین دن روز حمل ٹھہرانے کے قابل ہوتی ہیں جس کے سب ان کی افزائش نسل کی شرح بہت کم ہے۔
می جیانگ کو مصنوعی طور پر چڑیا گھر کے رہائشی نر پانڈا ٹیان ٹیان اور چین کے پانڈے ہوئی ہوئی کے سپرم سے حاملہ بنایا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ بچے کا باپ کون ہے اور ننھے پانڈا نر یا مادہ ہیں۔
اس قبل می جیانگ کے بچوں کو عوام کے دیکھنے کے لیے پیدائش کے کئی ماہ بعد پیش کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ زمین پر انسانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث پانڈوں کی کی رہائش کے لیے زمین کی کمی کے سب ان کی نسل معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے ۔ چین کے جنگلات میں صرف 1800 پانڈے باقی بچے ہیں۔
تاہم گذشتہ 10 سالوں میں چین کے جنگلات میں پانڈا کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔







