مائن کرافٹ گیم پر زیادہ پر تشدد ہونے کے الزامات

،تصویر کا ذریعہgetty
ترک حکومت معروف کمپیوٹر گیم مائن کرافٹ پر بہت زیادہ پر تشدد ہونے کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یورپ میں مائن کرافٹ کو سات سال سے اوپر کی عمر کے بچوں کے لیے مناسب قرار دیا گیا ہے جبکہ امریکہ میں مائن کرافٹ کھیلنے کے لیے بچوں کو دس سال یا اوپر کی عمر کا ہونا چاہیے۔
لیکن ترک ویب سائٹ ’خبر ترک‘ کے مطابق ترکی کے خاندانی اور سماجی پالیسیوں کی وزیر عائشہ نور اسلام نے کچھ الزامات پر تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے کہ یہ گیم جارحیت کو فروغ دیتی ہے۔
اگر یہ گیم بہت پرتشدد ثابت ہوئی تو ترک حکومت پورے ملک میں اس پر پابندی لگا سکتی ہے۔
اس اقدام کی وجہ یہ ہے کہ ایک صحافی نے عائشہ نور کو بتایا تھا کہ یہ گیم کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دیگر کرداروں کو، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، قتل کرنے کے بعد پوائنٹ حاصل ہوتے ہیں۔
دوسری طرف کمپیوٹر گیمز کی ریٹنگز دینے والے پین یورپی گیمز انفارمیشن گروپ کا کہنا ہے کہ مائن کرافٹ ’ کے انسانی کرداروں پر ’غیر حقیقی دکھائی دینے والا تشدد کیا جاتا ہے جس زیادہ تفصیل نہیں دکھائی جاتی۔‘
ترکی کے ایک گیمنگ میگزین سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کا کہنا ہے کہ وزارت کے خدشات غلط ہیں۔
لیڈر گیمر کی ویب سائٹ پر کام کرنے والے خضر نے کہا: ’میں نے کبھی کسی بچے کو مائن کرافٹ کی وجہ سے تلوار پکڑ کر لوگوں پر حملہ کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’ان طرح کی کہانیوں سے ترکی کی گیمنگ کی صنعت کو نقصان پہنچتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مائن کرافٹ ہر قسم کی عمر کے لوگوں میں مقبول ترین گیم ہے اور سنہ 2014 فروری میں اس گیم کے دس کروڑ صارفین رجسٹر ہوئے تھے۔ اس گیم کو برطانیہ کے کچھ سکولوں میں اساتذہ نے بھی استعمال کیا ہے۔







