مائیکرو سافٹ کی نئی فٹنس ڈیوائس

،تصویر کا ذریعہMICROSOFT
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے کلائی پر باندھنے والی فٹنس ڈیوائس یا جسمانی تندرستی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والا آلہ متعارف کرایا ہے۔
یہ آلہ صارف کو اس کی نیند اور ورزش سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے اور یہ سمارٹ فون کے ذریعے ہیلتھ سروس سے بھی منسلک ہو گا۔
مائیکرو سافٹ کا یہ آلہ کمپنی کے آن لائن سٹور پر 199 امریکی ڈالر میں فروخت ہوگا۔
یہ آلہ ایک دفعہ چارج ہونے پر دو دن تک چل سکتا ہے۔ اس میں دس سینسرز لگے ہیں جو دل کی دھڑکن، کیلوریز، ذہنی تناؤ، حتیٰ کہ صارف کے دھوپ میں رہنے کے بارے میں معلومات بھی فراہم کرتے ہیں۔
مائیکرو سافٹ نے اس سے پہلے سنہ 2007 میں ہیلتھ والٹ کے نام سے میڈیکل ریکارڈ رکھنے کا ایک آلہ متعارف کرایا تھا اور اس نئے آلے کی مدد سے اب اس نے ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبے میں شریک ہونے کی ایک اور کوشش کی ہے۔
کمپنی نے اپنی ایک ای میل بیان میں کہا کہ ’یہ مائیکرو سافٹ کے صحت، فٹنس اور پہننے کی کیٹیگری میں آلات کے لیے کئی سالوں پر محیط ویژن کا آغاز ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اس شعبے میں مکمل ارادے اور تیاری کے ساتھ داخل ہونا چاہتے ہیں اور اس کا آغاز پہلے امریکہ میں کر رہے ہیں۔‘
ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنیوں ایپل، سام سنگ اور گوگل نے صحت کے شعبے میں خدمات پیش کی ہیں اور وہ صحت سے متعلق پہننے والے آلات کی مارکیٹ میں مانگ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم مائیکرو سافٹ کا یہ آلہ باقی کمپنیوں سے اس لیے مختلف ہے کیونکہ یہ تمام بڑے موبائلز کے ایکو سسٹم کے ساتھ چل سکتا ہے اور یہ سماجی ربطوں کی ویب سائٹوں فیس بک اور ٹوئٹر سے بھی منسلک ہو سکتا ہے۔







