فلسطین: فون، انٹرنیٹ نظام پر سائبر حملہ

سائبر حملے سے فلسطین میں سرکاری و نجی کاروبارِ زندگی متاثر ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسائبر حملے سے فلسطین میں سرکاری و نجی کاروبارِ زندگی متاثر ہوا ہے

فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر ہیکرز نے غربِ اردن اور غزہ میں مرکزی فون نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس پر حملہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق اس حملے کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے بیشتر دفاتر میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق کمپیوٹر ہیکرز نے پال ٹیل ٹیلی فون نیٹ ورک کو نشانہ بنایا ہے اور اس کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان غثان غتیب کا کہنا ہے کہ ہیکرز کی کارروائی منگل کی صبح شروع ہوئی اور دنیا کے مختلف علاقوں سے سائبر حملے کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات تاحال واضح نہیں کہ ان حملوں کا تعلق فلسطین کو یونیسکو کی رکنیت دیے جانے سے ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور امریکہ نے اس فیصلے پر کڑی تنقید کی تھی اور امریکہ نے یونیسکو کی فنڈنگ بھی روک لی تھی۔.