فیس بک سے متاثر، بیٹی کا نام ’لائک‘

،تصویر کا ذریعہBBC

اسرائیل میں ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک اسرائیلی جوڑے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک سے متاثر ہو کر اپنی بیٹی کا نام’ لائک‘ رکھ دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی شہری لیور ایڈلر اور ان کی اہلیہ واردت نے بتایا کہ وہ ایک’ انوکھے اور جدید‘ نام کی تلاش میں تھے۔

واضح رہے کہ فیس بک استعمال کرنے والے اپنے دوستوں کی تصاویر اور دیگر حرکات کو’لائک‘ کر کے پسند کرنے کا اظہار کر سکتے ہیں۔

ایڈلر کا کہنا ہے کہ’نام کا منفرد یا انوکھا بہت ضروری تھا اور اپنے بیٹی کا نام رکھنے سے پہلے انھوں نے باقاعدہ طور پر معلوم کروایا تھا کہ کہیں اسرائیل میں یہ نام پہلے تو کسی کا نہیں ہے۔‘

اسرائیلی اخبار مارو کے مطابق ایڈلر نے کہا کہ ان کے خیال میں لائک ایڈلر نام جدید اور پیار کا ہم معنی ہے۔

ایڈلر نے کہا کہ ’یہ بس اپنی بیٹی کو پیار کہنے کا میرا طریقہ ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ جب انھوں نے فیس بک پر اپنی بیٹی کا نام رکھنے کا اعلان کیا تو وہ بہت مشہور ہوئی اور بیٹی کی تصویر لگانے پر چالیس لوگوں نے اسے لائک کیا۔