سونی کے صارفین کی معلومات ’چوری‘

دنیا بھر میں پلے سٹیشن کے ساڑھے سات کروڑ صارفین ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندنیا بھر میں پلے سٹیشن کے ساڑھے سات کروڑ صارفین ہیں

دنیا کی مشہور الیکٹرونک کمپنی سونی نے پلے سٹیشن گلوبل گیم پلیئنگ نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ اس نظام پر ہونے والے ہیکر حملے میں ان کی کریڈٹ کارڈ معلومات سمیت ذاتی معلومات چرائی جا سکتی ہیں۔

سونی کے آن لائن گیمنگ نظام ’پلے سٹیشن گلوبل گیم پلیئنگ نیٹ ورک‘ پر گزشتہ ہفتے ہیکرز نے سائبر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے صارفین کو یہ سہولت میسر نہیں ہے اور سونی نے صارفین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید انتظار کرنے کی اپیل کی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ معلومات غلط ہاتھوں میں جا سکتی ہیں اور صارفین ٹیلی فون اور ای میل فراڈ سے ہوشیار رہیں۔

سونی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ پلے سٹیشن اور کیوروسٹی نیٹ ورکس تاحال معطل ہیں اور انہیں بحال کرنے کے لیے انجینئرز مسلسل کام کر رہے ہیں۔

ادارے نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے ان دونوں نیٹ ورکس کو بیرونی سائٹس کی مدد سے نشانہ بنایا گیا تھا اور اسے پلے سٹیشن نیٹ ورک کو دوبارہ بنانا پڑ رہا ہے جس میں مزید سکیورٹی اقدامات بھی شامل کیے جا رہے ہیں۔

سونی کے یہ نیٹ ورکس گزشتہ بدھ سے بند ہیں اور دنیا بھر میں پلے سٹیشن کے ساڑھے سات کروڑ صارفین آن لائن گیمز کھیلنے اور اپنے کنسولز پر موسیقی یا فلمیں ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت سے محروم ہیں۔

."