’لائف اسینڈنگ‘ کے لیے سائنس انعام

ڈاکٹر نک یہ انعام حاصل کرنے والے آخری فرد ہوں گے
،تصویر کا کیپشنڈاکٹر نک یہ انعام حاصل کرنے والے آخری فرد ہوں گے

حیاتیاتی کیمیا کے ماہر اور مصنف ڈاکٹر نک لین نے رواں سال کے لیے رائل سوسائٹی سائنس بک انعام جیت لیا ہے۔

انہیں یہ انعام ان کی کتاب ’لائف اسینڈنگ:ٹن گرین انوینشنز آف ایوولیوشن‘ پر دیا گیا ہے۔

ماضی میں ماہرِ طبیعات سیٹفن ہاکنگ جیسے بڑے سائنسدان بھی یہ انعام جیت چکے ہیں تاہم ڈاکٹر نک یہ انعام حاصل کرنے والے آخری فرد ہوں گے۔

سنہ انیس سو اٹھاسی میں آغاز کے بعد سے دو عشروں تک سائنسی کتب کو دیے جانے والا یہ انعام اب مالی مشکلات کی وجہ سے بند کیا جا رہا ہے۔

انعام کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کی سربراہ میگی فلبن کا کہنا ہے کہ لائف اسینڈنگ کو انعام کے لیے منتخب کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ’ سائنسی تحریروں کو اپنے قاری کے سائنسی نظریات میں بہتری لانے اور انہیں اپنے اردگرد کی دنیا پر لاگو کرنے میں مدد دینی چاہیے اور یہ کتاب اس کی شاندار مثال ہے‘۔

انعام حاصل کرنے پر ڈاکٹر نک لین کا کہنا تھا کہ ’میں اس انعام کے آغاز سے اس پر نظر رکھے ہوئے تھا اور میں یہ جانتا ہوں کہ کئی سائنسدانوں کے لیے سال کی سب سے نمایاں یاد ہے‘۔