چین کی کامیاب کوششیں، پانڈا اب دنیا سے ختم نہیں ہو رہے مگر خطرہ اب بھی باقی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
معدومیت کے خطرے کی زد میں موجود جائنٹ پانڈا کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ اُن کی نسل ختم ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے تاہم اب بھی یہ مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں۔
خطرے کا درجہ اس لیے گھٹایا گیا ہے کیونکہ ان کی جنگلی آبادی اب 1800 تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق چین طویل مدتی کوششوں کے باعث اپنے مقبول جانور کو بچانے میں کامیاب ہوا ہے اور ان کوششوں میں ان کے قدرتی ماحول کا تحفظ بھی شامل ہے۔
چین میں پانڈا کو قومی خزانہ تصور کیا جاتا ہے اور اکثر انھیں سفارتی تحفے کے طور پر دوسرے ممالک کو بھی دیا جاتا ہے۔
وزارتِ ماحولیات کے شعبہ قدرت اور ماحولیاتی تحفظ کے سربراہ کوئی شوہونگ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ تازہ ترین درجہ بندی 'چین کی جانب سے ان کے قدرتی ماحول کے تحفظ کی کوششوں اور ان کے حالات میں بہتری کی عکاس ہے۔'
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عالمی تنظیم برائے تحفظِ قدرت (آئی یو سی این) نے سنہ 2016 میں پانڈا کو معدومیت کے خطرے والے زمرے سے نکال کر خطرے کے شکار کے زمرے میں منتقل کر دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس وقت چینی حکام نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے لوگوں میں یہ گمراہی پھیلے گی کہ تحفظ کی کوششیں اب شاید ماند پڑ جائیں گی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
رواں ہفتے چینی وزارتِ ماحولیات نے قدرتی تحفظ کی اپنی فہرست میں پانڈا کی درجہ بندی میں تبدیلی کی ہے اور اس فہرست کا معیار بھی سوئٹزرلینڈ کی عالمی تنظیم برائے قدرتی تحفظ کے معیار جیسا ہی ہے۔
چینی سوشل میڈیا صارفین اس خبر پر پھولے نہیں سما رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ یہ 'قدرتی تحفظ کی کوششوں' کی کامیابی کا 'ثبوت' ہے۔
ایک شخص نے مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ویبو پر لکھا: 'یہ سالہا سال کی محنت کا نتیجہ ہے۔ تمام شریک افراد نے زبردست کام کیا۔'

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا ذریعہReuters
ماہرین کا کہنا ہے کامیابی کی بڑی وجہ چین کی جانب سے بانس کے جنگلات کو دوبارہ اگانے اور آباد کرنے کی کوششوں کے باعث ہے۔ پانڈا کی 99 فیصد خوراک بانس پر مبنی ہوتی ہے جس کے بغیر یہ بھوک سے مر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ چڑیا گھروں نے اپنے پاس ان کی افزائشِ نسل کر کے بھی ان کی آبادی بڑھانے کی کوشش کی ہے۔
سنہ 1950 کی دہائی سے چین نے دنیا بھر میں سیاسی دوستیاں قائم کرنے کے لیے پانڈا کا استعمال کیا ہے۔












