کیکٹس کے نوکیلے پتوں سے ماحول دوست چمڑا بنانے والے میکسیکو کے دو کاروباری نوجوان

اب ان دونوں نے کیکٹس کی کاشت بھی شروع کر دی ہے

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشناب ان دونوں نے کیکٹس کی کاشت بھی شروع کر دی ہے
    • مصنف, سوامی ناتھن نتاراجن
    • عہدہ, بی بی سی ورلڈ سروس

جوتے سے لے کر بیلٹ اور دستانوں سے لے کر کوٹ تک، چمڑا ہر جگہ موجود ہے۔

یہ گوشت کی صنعت کی ضمنی پیداوار ہے لیکن اسے قابلِ استعمال بنانے کے لیے بہت زیادہ پانی، طاقت اور کیمیکلز کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس سب کی وجہ سے ماحول کو ایسے ہی نقصان پہنچتا ہے جیسے چمڑے کے متبادل پلاسٹک کی وجہ سے۔

میکسیکو کے دو کاروباری نوجوان وِیگن چمڑا بنانے کے لیے کیکٹس کا استعمال کر رہے ہیں۔

لیکن ایڈریئن لوپیز ویلاردے اور مارٹے کیزاریز کے لیے کیکٹس چمڑا بنانے کا سفر آسان نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ویلاردے اور کیزاریز نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے 500 سے زیادہ میکسیکن کیکٹس کی اقسام پر تجربات کیے جس کے بعد انھیں کانٹے دار نوپل کیکٹس کے پتے ملے جو جسم کے ساتھ رگڑ کھا سکتے تھے اور ان میں گھٹن بھی محسوس نہیں ہوتی۔

حسبِ ضرورت اور مدافعت سے لیس

ان کا کہنا ہے کہ ان کا پراڈکٹ ’ڈیزرٹو‘ قدرتی چمڑے جتنا اچھا ہے اور اسے مختلف موٹائی اور کوالٹی میں بنایا جا سکتا ہے۔

کیکٹس لیدر سے تیار کی گئی چادریں جن سے بعد میں مختلف مصنوعات بنائی جا سکیں گی

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشنکیکٹس لیدر سے تیار کی گئی چادریں جن سے بعد میں مختلف مصنوعات بنائی جا سکیں گی

کیزاریز کے مطابق 'کیکٹس چمڑے کو حسبِ ضرورت استعمال کے قابل بنایا جا سکتا ہے اور یہ خراش، رگڑ اور پھٹنے کے خلاف مدافعت سے لیس ہے۔

کیکٹس کے پودے برِاعظم امریکہ کے مقامی پودے ہیں اور دنیا بھر کے خشک علاقوں میں پروان چڑھتے ہیں کیونکہ ان کو زندہ رہنے کے لیے بہت کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

کیکٹس کا استعمال طبی سپلیمنٹس میں ہوتا ہے، انھیں گھر کے اندر سجاوٹ کے لیے اور حتٰی کہ کھانے کے طور پر بھی زیرِ استعمال لایا جاتا ہے۔

تاہم، کیکٹس کو بڑے پیمانے پر اگایا نہیں جاتا اور اسے ایک جنگلی پودا سمجھا جاتا ہے۔

کھاد کی ضرورت نہ کیڑے مار ادویات کی

پودوں سے چمڑا بنانے میں خوراک کی پیداوار متاثر نہیں ہوتی لیکن اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے کئی مرحلوں سے گزرنا پڑتا ہے۔

ایڈریئن لوپیز ویلادرے اور مارٹے کیزاریز کیکٹس لیدر کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشنایڈریئن لوپیز ویلادرے اور مارٹے کیزاریز کیکٹس لیدر کے ساتھ

لوپیز کہتے ہیں ’ہم پودے کو نقصان پہنچائے بغیر صرف تیار شدہ یا پکے ہوئے پتوں کو چنتے اور کاٹتے ہیں۔‘

’ان پتوں کو پیس کر سورج کی روشنی میں تین دن سکھایا جاتا ہے۔ اس پسے ہوئے مادے کو چھانا جاتا ہے اور اس میں سے ایک پروٹین نکالا جاتا ہے جسے پھر دیگر اجرا کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔‘

لوپیز کہتے ہیں کہ پودوں کو اگانے کے لیے کھاد یا کیڑے مار ادویات کا استعمال نہیں کیا جاتا اور کیکٹس کے بقیہ مٹیریئل کو غذائی صنعت کو بیچ دیا جاتا ہے۔

چمڑے کی باقی اقسام سے بہتر؟

ایک میٹر لمبی اور 1.4 میٹر لمبی ویگن چمڑے کی شیٹ بنانے کے لیے تین پتے یا 1.3 کلو خام مال کی ضرورت ہوتی ہے۔ ویگن چمڑے کی فی میٹر قیمت 20 سے 27 ڈالرز کے درمیان ہے۔

ویگن چمڑا بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ کچھ پہلوؤں کے حوالے سے ان کا پراڈکٹ اصلی چمڑے سے بہتر ہے۔

ایک بین الاقوامی نمائش میں لگایا گیا سٹال جہاں کیکٹس لیدر فروخت کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشنایک بین الاقوامی نمائش میں لگایا گیا سٹال جہاں کیکٹس لیدر فروخت کیا جا رہا ہے

کیزاریز کہتے ہیں، ’ویسے تو گائے کا چمڑا کافی مضبوط ہوتا ہے لیکن اس میں سے رساؤ ہوسکتا ہے، اور اگر گیلا ہونے کے فوری بعد اسے خشک نہ کیا جائے تو یہ سڑ سکتا ہے یا پھٹ سکتا ہے۔ ہمارا کیکٹس لیدر نمی اور پانی سے بہتر انداز میں نمٹتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ فائدہ اس بات میں ہے کہ آپ مصنوعات کے معیار کو کس آسانی سے تبدیل کر پاتے ہیں۔

’آپ کو کیا معیار چاہیے، اس حوالے سے مٹیریل کی ساخت آپ کو مختلف کارکردگی دے گی۔‘

پروڈکٹ کی کاشت

دو میکیسیکن انٹرپرینورز ایک سال کے ایک ہی دن میں پیدا ہوئے اور ان کی ملاقات 2011 میں تائیوان میں ہوئی جہاں وہ پڑھنے کے لیے گئے تھے۔

گریجویشن کے بعد ان دونوں کی راہیں الگ ہو گئیں۔ ایڈریئن نے گاڑیوں کی صنعت میں اور مارٹے نے فیشن کی صنعت میں قدم رکھا۔

کیکٹس لیدر کی چادریں ان پودوں کے ساتھ جن سے وہ بنائی گئی ہیں

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشنکیکٹس لیدر کی چادریں ان پودوں کے ساتھ جن سے وہ بنائی گئی ہیں

انھیں اس بات کا احساس ہوا کہ چمڑا بنانے میں کس قدر پانی اور کیمیکلز کا استعمال ہوتا ہے۔ کچی کھالوں کو پراسیس کرنے سے بہت سا کچرا اور فضلہ پیدا ہوتا ہے جو ماحول کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

ایک طویل عرصے سے چمڑا فیشن کی صنعت کا لازمی جزو ہے اور فیشن کی صنعت اب طیاروں اور بحری جہازوں کے مجموعی کاربن اخراج سے بھی زیادہ کاربن خارج کرتی ہے۔

چمڑے کے متبادل عموماً مصنوعی مٹیریل ہوتے ہیں جن میں کیمیکلز اور پلاسٹکس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان دونوں کی جوڑی نے مارکیٹ میں موجود خلا کو پہچانا اور ایک ایسا مٹیریل تیار کرنے کی ٹھان لی جو انسانوں اور زمین کے لیے نقصاندہ نہ ہو۔

آزمائش

ویلاردے کہتے ہیں کہ ’اگر اچھی طرح خیال رکھا جائے تو ہمارے مٹیریل 10 سال سے بھی زیادہ عرصے تک ساتھ دے سکتے ہیں۔ ہم نے (الٹراوائلٹ شعاعوں کی مدد سے) لیبارٹری میں ان کی عمر کی آزمائش کی کہ یہ مٹیریل کتنا عرصہ چل سکتا ہے۔‘

کیکٹس لیدر سے تیار شدہ بیگ۔ مصنوعی چمڑے کے برعکس سے تروتازہ رہتا ہے

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشنکیکٹس لیدر سے تیار شدہ بیگ۔ مصنوعی چمڑے کے برعکس سے تروتازہ رہتا ہے

جب انھوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں اٹلی کے شہر میلان میں ایک صفِ اول کی چمڑے کی نمائش میں اپنی مصنوعات کی نمائش کی تو انھیں بالآخر وہ شہرت ملی جس کی انھیں طویل عرصے سے ضرورت تھی۔

اس میں دلچسپی اور لوگوں کا جوش فوراً ہی باقاعدہ آرڈرز میں تبدیل ہوگئے۔ دونوں نے سرمایہ کاری کر کے ایک کمپنی قائم کی جو ان کے مطابق ’فوراً ہی مالی طور پر خودمختار ہوچکی ہے۔‘

بلند عزائم

اب انھوں نے کمرشل گاہکوں کے لیے بھی پیداوار شروع کر دی ہے اور اب وہ فیشن اور گاڑیوں کی صنعت کو ماحول دوست سامان کی فراہمی کرنے والے مرکزی سپلائر بننا چاہتے ہیں۔

دونوں نوجوانوں کو امید ہے کہ کیکٹس لیدر فیشن کی صنعت میں مقبولیت حاصل کرے گا

،تصویر کا ذریعہdesserto.com

،تصویر کا کیپشندونوں نوجوانوں کو امید ہے کہ کیکٹس لیدر فیشن کی صنعت میں مقبولیت حاصل کرے گا

ابتدائی ردِعمل مکمل طور پر مثبت ہے۔ کیزاریز کہتے ہیں کہ ’ڈیزرٹو کے ماحولیاتی فوائد کے علاوہ وہ اس کے معیار، نرمی اور پائیداری سے متاثر ہیں۔‘

انھوں نے کیکٹس اگانے شروع کر دیے ہیں اور فی الوقت انھوں نے 30 افراد کو ملازمت پر رکھا ہے۔ ان کے خواب بڑے ہیں اور بھلے ہی پیداوار ابھی محدود پیمانے پر ہو رہی ہے مگر ویگن چمڑے کے اگلے پانچ سالوں میں ایک بڑی صنعت بننے کی توقع ہے جس کا حجم 85 ارب ڈالر تک ہوسکتا ہے۔

تب تک دیگر لوگ بھی دلچسپ متبادل بنا سکتے ہیں اس لیے کیکٹس اگانے سے پہلے تھوڑا انتظار کریں۔