پاکستان کے ساتھ کام کرنا اہم: بش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش ایک غیراعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ اتوار کی صبح وہ بگرام فضائی اڈے پر پہنچے جہاں انہوں نے امریکی افواج سے خطاب کیا۔ بگرام فضائی اڈے پر افغانستان میں نیٹو کی زیرقیادت افواج کے امریکی سربراہ جنرل ڈیوِڈ میکیرنن نے صدر بش کا خیرمقدم کیا اور انہیں ایک بڑے ٹینٹ میں لے گئے جہاں انہوں نے امریکی فوجیوں سے خطاب کیا۔ امریکی صدر کا افغانستان کا یہ الوداعی دورہ ہے۔ انہوں نے فوجیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا افغانستان آٹھ سال قبل امریکی کارروائی کے پہلے کے افغانستان سے ڈرامائی طور پر ایک مختلف ملک ہے۔ فوجیوں سے خطاب میں امریکی صدر نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو اہم بتایا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’اگر پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں سے لوگ (افغانستان میں) وسائل، شہریوں اور فوجیوں پر حملے کرنا آسان سمجھتے ہیں تو افغانستان میں کامیاب ہونا مشکل ہوجائے گا۔‘ صدر بش نے کہا کہ ’جتنا زیادہ ہم پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرا سکتے ہیں تو سرحدی علاقوں کے اس حصے پر کنٹرول اتنا ہی آسان ہوگا۔‘ ان کا اشارہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کی جانب تھا۔ امریکی صدر نے اس بات کا اشارہ کیا کہ امریکی افواج افغانستان میں کافی دنوں تک موجود رہ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ طالبان کو ان کے ٹھکانوں سے دھکے دیکر بھگادیں اور ہم چل دیں۔ افغانستان کے راستے میں اپنے خصوصی طیارے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر بش نے کہا کہ افغانستان امریکہ کے مقاصد وہی ہیں جو کہ عراق میں تھے، یعنی نئی جمہوریت کو ایسے مواقع فراہم کرنا کہ اس کے ادارے مضبوط ہوں تاکہ وہ خود کو برقرار رکھ سکے۔ امریکی صدر نے اس بات کا اشارہ کیا کہ امریکی افواج افغانستان میں کافی دنوں تک موجود رہ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ طالبان کو ان کے ٹھکانوں سے بھگادیں اور ہم چل دیں۔ صدر بش عراق کے غیراعلانیہ دورے سے افغانستان پہنچے ہیں اور کابل میں صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل بغداد میں عراقی وزیر اعظم نوری المالکی کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ان پر ایک عراقی صحافی نے احتجاجا اپنے دونوں جوتے پھینکے اور اسے عراقی عوام کی جانب سے صدر بش کو الوداعی بوسہ قراردیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||