 | | | جنرل کریڈک کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کو عوام کے لیے اچھی حکمرانی اور مؤثر نظامِ انصاف فراہم کرنا بہت ضروری ہے |
نیٹو کے ایک اعلٰی کمانڈر نے افغانستان میں مغربی کوششوں کو غیر مربوط قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ جنگ صرف فوجی طاقت کے بل بوتے پر نہیں جیتی جا سکتی۔ یہ بات جنرل جان کریڈک نے لندن میں ایک فوجی تھنک ٹینک رائل یونائٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اور خبردار کیا کہ طالبان کے خلاف جنگ میں سیاسی عزم متزلزل ہے۔ امریکی جنرل نے عندیہ دیا کہ نیٹو کے اتحادی ممالک افغانستان میں بغاوت کو کچلنےمیں زیادہ تعداد میں فوجی فراہم کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور اس کے اتحادیوں کو اچھی حکمرانی کے قابل بنانے کے لیے ہر حال میں سکیورٹی دی جانے کی ضرورت ہے۔ جنرل کریڈک نے خبردار کیا کہ سویلین سطح پر فوجی کوششوں کو حمایت نہیں مل رہی۔ ’نیٹو افواج زمین کا قبضہ لے سکتی ہیں لیکن اس کے بعد یہ دوسروں (سویلینز) پر منحصر ہے کہ وہ آئیں اور معاشرے کی تعمیرِ نو کریں۔‘ انہوں نے افغان حکام پر بھی زور دیا کہ انہیں کرپشن سے نمٹنے، اچھی حکمرانی اور پولیس اور انصاف کا ایک مؤثر نظام فراہم رکنے کی اشد ضرورت ہے ورنہ فوجی طاقت سے حاصل شدہ فتح کا مقصد فوت ہو جائے گا۔ |