 | | | امریکہ اور بھارت کے وزراء خارجہ نے دستخط کیئے |
امریکہ اور بھارت کے وزراء خارجہ نے جمعہ کو دنوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے تاریخ جوہری معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ تین سال سے زیر بحث اس معاہدے پر امریکی کی طرف سے وزیر خارجہ کونڈولیزارائس اور بھارت کی طرف وزیر خارجہ پرناب مکر جی نے دستخط کیئے۔ اس سے قبل بدھ کو امریکہ کے صدر جارج بش نے جوہری معاہدے کے قانون پر دستخط کیئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ بھارت کو جوہری ٹیکنالوجی فراہم کرنے لگے گا۔ بھارت پرامن مقاصد کے لیے امریکہ سے جوہری ٹیکنالوجی اور جوہری ایندھن حاصل کرسکے گا جبکہ اسے اپنی سویلین جوہری تنصیبات کو بین الاقوامی نگرانوں کے لیے کھولنا ہو گا۔ تاہم بھارت کی دفاعی نوعیت کی جوہری تنصیبات بین الاقوامی نگرانی سے مستثنیٰ رہیں گی۔ بھارت کا کہنا ہے کہ یہ معاہدے اس کی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جبکہ ناقدین کا خیال ہے کہ یہ ایک خطرناک مثال قائم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے بھارت کو جوہری عدم پھلاؤ کے عالمی معاہدے پر دستخط کیئے بغیر اپنی جوہری صنعت کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ واشنگٹن نے انیس سو چوہہتر میں بھارت کی طرف سے جوہری دھماکوں کے بعد بھارت کو ایٹمی ٹیکنالوجی اور ایندھن فراہم کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ |