’جورجیا آپریشن‘ روکنے کا حکم: روس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
روس نے کہا ہے کہ صدر دمیتری میڈوڈیو نے جورجیا میں جاری فوجی کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے۔ صدر میڈوڈیو نے حکام سے کہا کہ انہوں نے فوجی کارروائی روکنے کا حکم جنوبی اوسیٹیا میں شہریوں اور وہاں تعینات امن فوج کے اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانے کا بعد دیا ہے۔ تاہم روس نے جورجیا کی قیادت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور فوری طور پر فریقین کے بیچ بات چیت کا امکان نظر نہیں آتا۔ روس کی طرف سے اس اعلان پہلے، جورجیا کے شہر گوری میں روسی طیاروں کے حملوں کی تازہ اطلاعات ملی تھیں۔ عینی شاہدوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک ہسپتال پر بم گرنے سے کئی لوگ ہلاک بھی ہوئے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ ان کی گاڑی کے سامنے کئی بم پھٹے۔ اسی ایجنسی کے ایک فوٹوگرافر نے بتایا کہ انہوں نے سڑکوں پر کئی ہلاک شدہ اور زخمی لوگوں کو دیکھا۔ بی بی سی کے نامہ نگارگیبری ایل گیٹ ہاؤس نےگوری کے قریب سے بتایا کہ شہر اور اس کے مضافات میں توپ کے گولے پھینکے گئے ہیں۔ گوری شہر جنوبی اوسیٹیا کے دارالحکومت سے دس مِیل دور ہے۔ نامہ نگار نے کہا کہ روس کے صدر کی طرف سے فوجی کارروائی بند کرنے کے اعلان سے کچھ دیر پہلے تک دھماکے سنائی دیے۔ انہوں نے کہا کہ گوری کے جنوب میں جورجیا کی تباہ شدہ فوجی گاڑیاں شہر سے باہر سڑک کے کنارے نظر آئیں۔ اس سے قبل جورجیا کے صدر میخائل شیخوالی نے یورپی یونین کے تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔ میخائل شیخوالی کے علاوہ جنگ بندی کے معاہدے پر فرانس اور فن لینڈ کے وزرائے خارجہ نے بھی دستخط کیے تھے اور جورجیا کے صدر نے کہا تھا کہ دونوں یورپی وزرائے خارجہ ماسکو جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ روس اس جنگ بندی پر راضی ہو جائے۔ امریکہ نے بھی جنوبی اوسیٹیا کے تنازعے پر جورجیا کے خلاف روسی فوجی کارروائی پر سخت تنقید کی تھی۔ جورجیا کے صدر میخائل شیخوالی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر ڈک چینی نے کہا کہ ’روس کی جارحیت کا جواب دیا جانا چاہیے‘۔ |
اسی بارے میں جورجیا لڑائی شدت اختیار کر گئی 09 August, 2008 | آس پاس جورجیامیں روسی فضائی حملے09 August, 2008 | آس پاس جورجیا اور اوسیٹیا مسئلہ ہے کیا؟09 August, 2008 | آس پاس اولمپک وینیو، تبتیوں کا احتجاج09 August, 2008 | آس پاس اوسیٹیا: مسئلے کا حل آسان نہیں09 August, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||