’امریکہ غیر روایتی جنگ پر توجہ دے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کا خیال ہے کہ عراق اور افغانستان کی جنگ جیت لینے سے بھی دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی جنگ ختم نہیں ہوجائے گی اور یہ کہ امریکہ کو جنگ کے غیر روایتی طریقوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مسٹر گیٹس نے گزشتہ ماہ قومی دفاعی حکمت عملی کی منظوری دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں القاعدہ اور دوسری دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جنگ امریکہ کی اولین فوجی ترجیح ہونی چاہیے۔ اس دستاویز میں، جو سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئی ہے لیکن واشنگٹن پوسٹ کوحاصل ہوئی ہے، فوج سے کہا گیا ہے کہ وہ روایتی طریقوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے جنگ کے ’غیر روایتی‘ طریقوں میں مہارت حاصل کرے۔ ’اس جنگ کو جیتنے کے لیے عراق اور افغانستان میں کامیابی ضروری ہے، لیکن صرف اس سے کامیابی نہیں ملے گی۔‘ مسٹر گیٹس نے چین اور روس کے ساتھ اشتراک کی سفارش بھی کی ہے تاکہ انہیں ممکنہ حریف کے طور پر سامنے آنے کا موقع نہ ملے۔
مسٹر گیٹس کی حکمت عملی ان کے پیش رو ڈانلڈ رمسفیلڈ کے نظریہ سے مختلف ہے جو پیش بندی کے طور پر فوجی کارروائی کے حق میں تھے۔ لیکن مسٹر گیٹس چاہتے ہیں کہ دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر ان حالات کو ختم کیا جائے جن کی وجہ سے شدت پسندی کو فروغ ملتا ہے۔ ’طاقت کے استعمال کا بھی ایک کردار ہے لیکن دہشت گردوں کو پکڑنے یا ہلاک کرنے کے لیے فوجی کوششیں اتنی اہم نہیں جتنا کہ اقتصادی ترقی کے پروگراموں کو فروغ دینا، اور ان مسائل کو سمجھنا اور حل کرنا جن کی وجہ سے شورش جنم لیتی ہے۔‘ اس دستاویز میں مسٹر گیٹس کہتے ہیں کہ ان کے خیال میں امریکہ میں جو بھی نئی حکومت آئے گی، اس کے لیے یہ حکمت عملی ’کامیابی کا بلوپرنٹ‘ ثابت ہوگی۔ اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ جنگ کے غیر روایتی طریقوں پر زیادہ توجہ دینے کی تجویز کی فوج کے سربراہان نے مخالفت کی تھی۔ | اسی بارے میں گیٹس کا دورۂ عراق، آٹھ ہلاک05 December, 2007 | آس پاس امریکی فوج مالی مشکلات کا شکار22 December, 2007 | آس پاس فوجیوں کی واپسی، وقفہ کی تجویز11 February, 2008 | آس پاس بش پر عراق کے حوالے سے تنقید11 April, 2008 | آس پاس ’امریکی فوج کے انخلاء کی توقع‘09 July, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||