بھارتی سفارتخانے پر حملہ، 40 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع بھارتی سفارتخانے پر ایک خودکش کار بم حملے میں کم از کم چالیس افراد ہلاک اور ایک سو چالیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ بھارتی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں افغانستان میں تعینات بھارتی فوجی اتاشی، ایک سینئر بھارتی سفارتکار اور تین دیگر بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔ افغان صدر حامد کرزئی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت اور افغانستان کے دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ مقامی پولیس حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ خود کش حملہ پیر کی صبح شہر کے مرکزی علاقے میں واقع بھارتی سفارتخانے پر اس وقت ہوا جب ایک حملہ آور نے بارود سے لدی کار سفارتخانے کے دروازے سے ٹکرا دی۔ اس حملے میں بھارتی سفارتخانے کی دو گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔یہ سفارتخانہ افغان وزارتِ داخلہ کی عمارت کے نزدیک واقع ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور نے ممکنہ طور پر ان افراد کو نشانہ بنایا ہے جو بھارتی سفارتخانے سے ویزا لینے کے لیے جمع تھے۔ دھماکے کے بعد ایمبولینسوں کو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے کے وقت جائے حادثہ پر اخبار فروخت کرنے والے عبدالرزاق نے بی بی سی کو بتایا کہ’ مجھے کچھ محسوس نہیں ہو رہا۔ میں نے عمارتوں کے شیشے ٹوٹتے دیکھے اور پھر سارا علاقہ ایمبولینسوں، پولیس اور ایساف کے فوجیوں ےس بھر گیا‘۔
ایک اور افغان شخص علی حسن فہیمی کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد کے کچھ ٹکڑے ان کے دفتر میں آ کر گرے جو جائے وقوعہ کے نزدیک واقع ہے۔ ان کا کہنا ہے’وہ(دھماکہ) بہت طاقتور تھا۔ ہمارے دفتر میں سب دنگ رہ گئے‘۔ کابل میں بی بی سی کے نمائندے مارٹن پیشنس کا کہنا ہے کہ اگرچہ طالبان نے اپنے حملے تیز کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے تاہم ابھی تک کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ اس علاقے میں ہونے والا دوسرا خودکش حملہ ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2006 میں ایک خودکش حملہ آور نے افغان وزارتِ داخلہ کی عمارت کو نشانہ بنایا تھا اور اس واقعے میں بارہ افراد ہلاک اور بیالیس زخمی ہوئے تھے۔ اس دھماکے کے بعد علاقے میں مزید سکیورٹی چیک پوسٹیں اور حفاظتی بیرئر لگا دیے گئے تھے۔ |
اسی بارے میں ’امداد افغان تعمیرِ نو پر خرچ کریں‘06 July, 2008 | آس پاس ’امریکی بمباری، 22 شہری ہلاک‘06 July, 2008 | آس پاس افغانستان: ہلاکتیں، متضاد اطلاعات05 July, 2008 | آس پاس قندھار:چوکی پر حملہ، آٹھ ہلاک04 July, 2008 | آس پاس جون اتحادی افواج کے لیے بھاری رہا02 July, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||