طیب اردگان دمشق پہنچ گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان دمشق پہنچ گئے ہیں جہاں وہ شام اور اسرائیل کے مابین مذاکرات میں ثالث کے طور پر قیام امن کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اردگان دمشق کا دورہ ایسے وقت کر رہے ہیں جب ایک روز پہلے ہی شام کی طرف سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اسرائیل نے امن کے بدلے میں اسے گولان کی پہاڑیاں واپس کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اردگان نے کہا ہے کہ ترکی دونوں ملکوں میں ثالثی کا اپنا فرض نبھا رہا ہے۔ شام اور اسرائیل گزشتہ چالیس برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما رہے ہیں مگرحال ہی میں اب دونوں قیام امن کی جانب سوچنے لگے ہیں۔ شام کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت اسی وقت شروع کی جاسکتی ہے جب وہ پہلے گولان کی پہاڑیاں واپس کردے گا جس پر اس نے سن سڑسٹھ کی جنگ میں قبضہ کیا ہے۔ پہلے بھی دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات ہورہے تھے مگر وہ سن دوہزار میں ٹوٹ گئے۔ حال ہی میں جب شام نے مذاکرات کا انکشاف کیا تو اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے اس پر کوئی رائے دینے سے انکار کریا تاہم اولمرٹ نے کہا کہ وہ شام کے ساتھ امن قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔
بعض مبصر کہتے ہیں کہ شام اور اسرائیل کے درمیان بہتر تعلقات سے شام اور ایران کے درمیان کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔ ایک اور تنازعہ اس وقت کھڑا ہوگیا جب امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی جانب سے خبر آئی کہ گزشتہ ستمبر میں اسرائیل نے شام کے مبینہ فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔ شام نے ان خبروں کی تردید کی اور کہا کہ امریکہ نے اس پر شمالی کوریا سے جوہری ٹیکنالوی حاصل کرنے کا جوالزام عائد کیا ہے وہ بے بنیاد ہے ۔ امریکی انکشاف سے نہ صرف شام کے صدر بشر الاسد کی سبکی ہوئی ہے بلکہ اسرائیل میں بھی تشویش بڑھ گئی ہے اور اندرونی حلقوں میں یہ احساس گہرا ہے کہ شام کسی طرح جوابی کارروائی کا فیصلہ نہ کرلے۔ اسرائیل کی شرط ہے کہ وہ گولان میں اس حصے پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے جہاں گلیلی سے وہ پانی کی سپلائی کو کنٹرول کرتا ہے اور وہ شام سے اس کے بدلے میں اسکی یقین دہانی بھی چاہتا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ اور حماس کی حمایت کرنا بند کردے۔ شام اور اسرائیل کے درمیان امن قائم ہونا کوئی آسان مرحلہ نہیں ہوگا اور اس سے مشکل مرحلہ ترکی کے لئے ہے جس نے دیرینہ دشمنوں کو مذاکراتی میز پر لانے اور انہیں سمجھانے بجھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ | اسی بارے میں مصر: امریکہ اور شام کے رابطے03 May, 2007 | آس پاس اسرائیل نے شام پر حملہ کیا: امریکہ12 September, 2007 | آس پاس شام پر فوجی حملے کا اسرائیلی اعتراف02 October, 2007 | آس پاس امن کانفرنس کے لیے کوششیں تیز25 November, 2007 | آس پاس ’شام کی خفیہ ایٹمی سکیم تھی‘25 April, 2008 | آس پاس شام پرامریکی الزام کا جائزہ لیا جائےگا 25 April, 2008 | آس پاس حریری ٹربونل پر شام کی مذمت31 May, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||