امریکہ کے صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں ڈیموکریٹ امیدوار باراک اوبامہ نے ہیلری کلنٹن کو تین مزید ریاستوں میں مات دے دی ہے۔ پانچ فروری کو بائیس ریاستوں میں امریکی صدارتی امیدوار کے لیے پرائمری ووٹنگ میں باراک اوبامہ نے تیرہ ریاستوں میں کامیابی حاصل کی لیکن ہیلری کلنٹن تھوڑی ریاستوں میں کامیابی کے باوجود زیادہ مندوبین جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ نو فروری کی پرائمری ووٹنگ سے پہلے ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن 1055 مندوب جیت چکی ہیں جبکہ باراک اوبامہ کے مندوبین کی تعداد 998 تھی۔ ڈیموکریٹ امیدوار کو صدارتی نامزدگی جیتنے کے لیے 2025 مندوبین کی ضرورت ہے۔ تازہ نتائج کے باراک اوبامہ نے واشنگٹن، لوزیانا اور نیبراسکا پرائمری ووٹنگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریپبلیکن امیدوراوں میں مائیک ہاکابی نے کامیابی حاصل کی ہے۔مبصرین کے مطابق اس کامیابی کے باوجود مائیک ہاکابی جان مکین کو ہرا نہیں سکتے جو واضح اکثریت حاصل کر چکے ہیں۔ بی بی سی کے نامہ نگار جیمز کومارسامی کا کہنا ہے کہ باراک اوبامہ نئی ریاستوں میں کامیابی کے باوجود ہیلری کلنٹن کے خلاف کوئی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے امیدوار اتوار کے روز میری لینڈ، ورجنیا اور واشنگٹن ڈی سی میں ایک دفعہ پھر آمنے سامنے آئیں گے۔ ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ ہیلری کلنٹن دس فروری اور چار مارچ کو ہونے والی پرائمری ووٹنگ میں کامیابی حاصل کر لیں گی۔ ہر پرائمری الیکشن میں فاتح امیدوار کو ڈیلیگیٹ ملتے ہیں جو رسمی طور پر پارٹی کی طرف سے اصل صدارتی انتخاب کے لیے امیدوار کی نامزدگی کرتے ہیں۔منگل کو ہونے والے انتخابات میں بیالیس ایسے ڈیلیگیٹس کو چنا جائے گا۔
|