 | | | دونوں فریق کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ سنہ 2002 میں ہوا تھا |
فوج کے مطابق شمالی سری لنکا میں فوج اور تمل باغیوں کے درمیان لڑائی میں کم از کم پچپن افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوج کے مطابق ہلاک شدگان میں کم از کم تیرہ باغی اور دو فوجی شامل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ تازہ جھڑپیں شمالی ضلع واوونیا اور پلونا رووا میں ہوئی ہیں۔جبکہ شمال مغربی ضلع منّار سے بھی لڑائی کی اطلاع ہے ۔ اس ماہ حکومت نے رسمی طور پر جنگ بندی ختم کردی تھی جو تشدد کے بڑھتے واقعات سے پہلے ہی متاثر تھی۔دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ سنہ 2002 میں ہوا تھا۔ باغیوں کی حمایت کرنے والے نیٹ کا کہنا ہے کہ اتوار کو منّار میں سری لنکا کے پندرہ فوجی ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں فوج نے باغیوں کی اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے فوج کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ ہلاکتوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ تمل باغیوں اور سری لنکا کی فوج کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔حال ہی میں سری لنکا کی فضائیہ نے باغیوں کے رہنما ویلوپلاّئی کے اڈے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن باغیوں کا کہنا تھا کہ وہ دراصل ایک شہری علاقہ تھا۔ گزشتہ ہفتے حکومت کے کنٹرول والے علاقے انورادھا ضلع کے جنگل سے سولہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو تمل باغیوں نے ہلاک کیاہے۔ جنگ بندی کے باوجود بھی گزشتہ دو سالوں سے ملک کےشمالی اور مشرقی علاقوں میں لڑائی جاری ہے ۔ |