| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
حانہ جنگی سے سیاحت تک
سری لنکا کے کئی میدان جنگ اب لگژری ہوٹل کی تعمیر میں کام آسکتے ہیں جہاں تامل ٹائیگرز اور حکومت کے درمیان امن منصوبے کی وجہ سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد لوٹ رہی ہے۔ ہوٹلوں کے وہ کمرے جو اس سے قبل خالی خانہ جنگی کے دنوں میں ویران رہا کرتے تھے اب ہر موسم میں بھرے دکھائی دیتے ہیں۔ صرف پچھلے ایک سال کے دوران برطانیہ اور بھارت سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں پچیس فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ سری لنکا کی حکومت اس سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اسے سیاحت کی صنعت میں دو ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ وہ اگلے ایک عشرے میں دس لاکھ سے زیادہ سیاحوں کیلئے سری لنکا کو پرکشش بنا سکے۔ حکومت کے مطابق سنگاپور، بھارت، کوریا، ملائشیا اور مالدیپ کے سرمایہ کاروں نے اس میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے۔ سیاحت کے محکمے کے حکام کے مطابق دسمبر میں جب سیاحت کا سیزن شروع ہوگا تو اس دوران آنے والوں کو رہائش حاصل کرنے میں دقت پیش آسکتی ہے۔ ان حکام کے مطابق وہ سری لنکا کو سیاحت کے سستے مرکز کی بجائے ایک اعلیٰ معیار کے سیاحتی مرکز میں بدلنا چاہتے ہیں جہاں نئی سہولیات متعارف کروائی جائیں گی۔ اس میں ایک سیاحتی زون کا قیام، جدید ہوٹل، تفریح کے مراکز اور گولف کورس کی تعمیر شامل ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |