| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بچوں کے لئے مفت خوراک
اقوامِ متحدہ کا عالمی ادارۂ صحت سری لنکا میں خوراک کی کمی کے شکار دسیوں ہزار بچوں کو مفت خوراک فراہم کرنے کا پروگرام شروع کررہا ہے۔ یہ بچے سری لنکا میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں بستے ہیں۔ سری لنکا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے ایک سروے میں یہ معلوم ہوا ہے کہ ملک کے شمالی اور مشرقی حصوں میں اسکول جانے والے ایک چوتھائی بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔ یہ صورتحال علاقے میں جاری رہنے والی طویل خانہ جنگی کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل جرمنی کی ایک امدادی تنظیم نے ایک سروے کیا تھا جس کے مطابق باغیوں کے علاقے میں ایک تہائی بچے خوراک کی عدم دستیابی کے باعث ناشتہ کئے بغیر اسکول جاتے ہیں۔ اب عالمی ادارۂ صحت کے اس حالیہ سروے سے یہ سامنے آیا ہے کہ چار سے پانچ سال تک کے بچے خطرناک حد تک خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ خوراک کے پروگرام کے تحت سو سے زائد اسکولوں میں جانے والے تینتیس ہزار بچوں کو خوراک فراہم کی جائے گی۔ جبکہ اگلے برس تک ایک لاکھ ستر ہزار بچے مناسب خوراک حاصل کرسکیں گے۔ ان بچوں کو دوپہر کے کھانے میں مفت دال چاول یا سبزیاں دی جائیں گی۔ اپریل میں حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات رکنے کے بعد کئی امدادی ادارے اس انتظار میں ہیں کہ ملک کی سیاسی صورتحال کچھ واضح ہو تاکہ امدادی کام شروع کئے جا سکیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |