 | | | پوپ بینیڈکٹ نے اسلام کا تعلق تشدد سے جوڑا تھا |
ایک سو تیس سے زائد مسلم مذہبی علماء نے ایک خط کے ذریعے پوپ بینیڈکٹ سمیت کئی دوسرے عیسائی رہنماؤں سے دونوں مذاہب کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن کا انحصار دونوں مذاہب میں بہتر تعلقات پر ہے۔ خط میں دونوں مذاہب میں پائے جانے والے یکساں عناصر کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں ایک خدا پر یقین اور ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات قابل ذکر ہیں۔ اس میں زور دیا گیا ہے کہ مسلمان اور عیسائی ایک ہی خدا کی عبادت کرتے ہیں۔ متنازعہ تقریر خط کے مطابق، جس کا متن واشنگٹن میں جمعرات کو جاری کیا جائے گا، پیغمبر اسلام کو وہی سچائیاں بتائی گئیں جو عیسائیت اور یہودیت سمیت دوسرے مذاہب کے پیغمبروں پر منکشف کی گئیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ قرآن مسلمانوں پر ان پیغمبروں کو ماننے والے عیسائیوں اور یہودیوں کے ساتھ خصوصی تعلقات کو مسلمانوں کے لیے لازمی قرار دیتا ہے۔ یہ خط پوپ بینیڈکٹ کو لکھے گئے اس خط کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سامنے آیا ہے جو اڑتیس نامور مسلمان علماء نے اسلام کے بارے میں ان کی ایک متنازعہ تقریر کے جواب میں تحریر کیا تھا۔ پوپ بینیڈکٹ نے گزشتہ سال ستمبر میں اس وقت ایک تنازعہ کھڑا کر دیا تھا جب انہوں نے قرونِ وسطیٰ کی ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے اسلام کا تعلق تشدد سے جوڑا تھا۔ |