شیخ حسینہ کو گرفتار کر لیا گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ملک کی دو سابق وزراء اعظم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے۔ ان دو میں سے ایک عوامی لیگ کی رہنما شیخ حسینہ کو انکی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد پیر کوانہیں دارالحکومت کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں صحافیوں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے تھے۔ ان کی گرفتاری ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے چھاپے کے بعد عمل میں آئی جس میں ہزاروں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پولیس ماضی میں کہتی رہی ہے کہ شیخ حسینہ پر انیس سو چھیانوے اور دو ہزار ایک کے دوران رقوم ہتھیانے کے الزامات ہیں۔ حکومت نے ان کے ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ ادھر ایک عدالت نے دوسری سابق وزیر اعظم اور شیخ حسینہ واجد کی مخالف بیگم خالدہ ضیاء کو اگلے ماہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ بیگم خالدہ ضیاء پر اپنی جماعت سے منسلک اخبار کے انکم ٹیکس میں گھپلے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اسی سال مئی میں شیخ حسینہ جلا وطنی کی کوششوں کی مزاحمت کے بعد ڈھاکہ پہنچی تھیں۔ عوامی لیگ کی رہنما نے مئی میں ایک بار لندن سے بنگلہ دیش جانے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر جہاز میں سوار نہیں ہونے دیا گیا تھا۔ بنگلہ دیش کی حکومت نے انہیں قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ بنگلہ دیش کی نگران حکومت شیخ حسینہ کو جلا وطن کرنا چاہتی تھی جِس دوران انہوں نے دو ماہ لندن میں گزارے تھے۔ ان کی ڈھاکہ واپسی پر زبردست حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ بنگلہ دیش میں فوج کی حمایت سے قائم نگران حکومت نے جنوری میں ہنگامی حالت نافذ کی تھی جس کے تحت سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ نگران حکومت کہہ چکی ہے کہ سابق وزرائے اعظم شیخ حسینہ واجد اور بیگم خالدہ ضیاء کی ملک واپسی کی صورت میں اصلاحات کرنا مشکل ہو جائے گا۔ اس نے عالمی فضائی کمپنیوں کو شیخ حسینہ واجد کو واپسی کی سہولت فراہم کرنے سے روکا تھا اور خالدہ ضیاء کو سعودی عرب جانے پر مجبور کرنے کی کوشش کی تھی۔ نامہ نگار نے کہا تھا کہ حکومت اندرونی اور عالمی دباؤ کے تحت ان دونوں رہنماؤں کو جلا وطن کرنے کا ارادہ ترک کرنے پر مجبور ہوئی۔ |
اسی بارے میں خالدہ ضیاء کا بیٹا گرفتار08 March, 2007 | آس پاس ’جیل قبول ہے جلاوطنی نہیں‘22 April, 2007 | آس پاس عبوری حکومت کے لیے نئے سربراہ12 January, 2007 | آس پاس بنگلہ دیش کے انتخابات مؤخر30 January, 2007 | آس پاس جنرل ارشاد کی خود سپردگی کا حکم05 January, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||