 | | | جی ایٹ کا سربراہی اجلاس چھ جون سے ہوگا |
جی ایٹ کے وزرائے خارجہ بدھ کے روز جرمنی میں ملاقات کر رہے ہیں جہاں وہ طالبان مزاحمت کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان کے اپنے ہم منصبوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی ایٹ کا سربراہی اجلاس آئندہ ہفتے جرمنی میں منعقد ہونے والا ہے۔ اس سے پہلے ان ممالک کے وزرائے خارجہ افغانستان میں طالبان مزاحمت، ایران کے ایٹمی تنازعے، ماحولیاتی تبدیلی، عراق، دارفور اور کوسووو جیسے معاملات پر بات چیت کررہے ہیں۔ وزرائے خارجہ بدھ کو جرمنی کے شہر پوٹسڈیم میں جمع ہورہے ہیں۔ اس موقع پر امریکہ، یورپی یونین، روس اور اقوام متحدہ لبنان اور غزہ میں تشدد کے معاملے پر بھی بات چیت کریں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ جی ایٹ کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو بہتر بنانے اور طالبان مزاحمت کے خاتمے کی حکمت عملی زیر غور ہوگی۔  | طالبان مزاحمت زیر غور  پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ جی ایٹ کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو بہتر بنانے اور طالبان مزاحمت کے خاتمے کی حکمت عملی زیر غور ہوگی۔  |
جرمنی کے وزیر ماحولیات زیکمار گابریئل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے معاملے پر ایک معاہدے کی اشد ضرورت ہے لیکن اس معاملے پر امریکہ کا متفق ہونا مشکل لگتا ہے۔گابریئل کا کہنا تھا: ’ہم جانتے ہیں کہ امریکیوں سے، اور صرف امریکیوں سے ہی نہیں، بلکہ چین اور دیگر ممالک سے بھی جی ایٹ اجلاس کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کے معاہدے پر اتفاق کرنا مشکل ہوگا۔ شاید ہم سمجھوتہ نہ کر پائیں۔‘ جرمنی نے جی ایٹ کی اپنی سالانہ سربراہی کے دوران اس تنظیم کے ایجنڈے پر ماحولیاتی تبدیلی کو ترجیح دی ہے۔ جرمنی کی چانسلر انگلا مرکیل کی کوشش ہے کہ فضا میں گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج سن 2050 تک پچاس فیصد کم کرکے سن 1990 کی سطح پر لانے کے لیے جی ایٹ کے رہنما متفق ہوجائیں۔ امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا ہے کہ جی ایٹ اجلاس کے دوران امریکہ ایران کے خلاف نئی پابندیاں لگانے کے لیے رائے ہموار کرے گا۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔ سربراہی اجلاس کے لیے جی ایٹ کے رہنما چھ سے آٹھ جون کو جرمنی کے تفریحی شہر ہائلیگینڈیم میں ملاقات کریں گے۔ اس سال جرمنی جی ایٹ کی صدارت کررہا ہے۔
|