انڈونیشیا زلزلے میں ستر ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں شدید زلزلہ آیا ہے جس میں کم سے کم ستر افراد ہلا ک ہوئے ہیں اور سینکڑوں مکان اور دیگر عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔ امریکہ کے جیولوجیکل سروے کے ادارے کے مطابق رکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ تین تھی اور اس کا مرکز سماٹرا میں پڈانگ کے قصبے کے قریب تھا۔ خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کہا جاتا ہے کہ ابھی تک کئی لوگ ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجکر انچاس منٹ (گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق صبح تین بجکر انچاس منٹ) پر آیا جس کے بعد مغربی سماٹرا میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امریکہ کے جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلے زلزلے کے دو گھنٹے بعد دوبارہ شدید جھٹکے (آفٹر شاک) آئے جن سے مغربی سماٹرا میں ایک بار پھر خوف کی لہر دوڑ گئی۔ انڈونیشیا کی حکومت کے ترجمان سودی سلالائی کے مطابق اب تک ستر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے سینکڑوں کلومیٹر دور ملائشیا اور سنگاپور میں بھی محسوس کیے گیے جہاں لوگوں کو بلند عمارتوں سے نکل جانے کو کہا گیا۔
امدادی کارکنوں نے تصدیق کی ہے کہ سینکڑوں عماتیں زمین بوس ہوئی ہیں تاہم جکارتہ میں بی بی سی کی نامہ نگار لوسی ولیمسن کا کہنا ہے ان عمارتوں میں اکثریت لکڑی کے بنے چھوٹے مکانات کی ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار امدادی کاموں میں ربط پیدا کرنے کے کوشش کر رہے ہیں لیکن کچھ متاثرہ علاقوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ مغربی سماٹرا کے صدر مقام پڈانگ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے جبکہ ٹیلیفون کی لائینیں بھی زلزلے کے مرکز کے قریب ہونے کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ایمجنسی سروز کا اہلکار کم سے کم تین ایسے قصبوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تلاش میں مصروف ہے جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہاں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ انڈونیشیا کے ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر میں نظر آتا ہے کہ علاقے کے ہسپتالوں میں افراتفری پائی جاتی ہے کیونکہ زلزلے کے بعد بہت سے لوگ زخمی حالت میں وہاں پہنچے ہیں۔ سماٹرا کے قصبے سلوک کے میئر شمس الرحیم نے ریڈیو کو بتایا کہ ان کے شہر میں چند لوگ اس وقت مارے گئے جب زلزلے کے بعد آگ لگ گئی۔ ساحلی علاقوں کے کئی مکین اونچی جگہوں پر بھاگ گئے ہیں، تاہم مقامی سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ زلزلے کا مرکز خشک علاقہ ہے اس لیے سونامی یا سمندری طوفان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ زلزلے کے جھٹکے ملائشیا کے ساحلی علاقوں کے علاوہ سنگاپور میں بھی محسوس کیے گئے جہاں بلند عمارتیں جھول گئیں تاہم تاجروں کا کہنا تھا کہ سنگاپور کے کاروباری علاقے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ |
اسی بارے میں انڈونیشیا: سمندری علاقے میں زلزلہ21 January, 2007 | آس پاس تائیوان میں شدید زلزلہ26 December, 2006 | آس پاس ہیرو شیما میں زلزلہ12 June, 2006 | آس پاس ایران زلزلہ، لوگوں کی تلاش بند 01 April, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||