 | | | امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی |
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے، جو صدر بش کی عراق پالیسی پر شدید تنقید کرتی رہی ہیں، بغداد کا غیراعلانیہ دورہ کیا ہے۔ نینسی پلوسی امریکی کانگریس میں حزب اختلاف یعنی ڈیموکریٹِک پارٹی کی سب سے اہم سیاستدان ہیں۔ ان دنوں کانگریس کے دونوں ایوانوں پر ڈیموکریٹِک پارٹی کا کنٹرول حاصل ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بغداد میں عراقی وزیراعظم نوری المالکی سے گفتگو میں نینسی پلوسی نے سکیورٹی کی ذمہ داریاں امریکی افواج سے عراقی فورسز کے حوالے کرنے کی بات کی۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران نینسی پلوسی عراق میں مزید بیس ہزار افواج بھیجنے کی صدر بش کی پالیسی کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ دریں اثناء امریکی صدر جارج بش نے اپنی جماعت ریپبلیکن پارٹی اور حزب اختلاف کے سیاست دانوں کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ان کی عراق پالیسی کی مخالفت نہ کریں۔ واشنگٹن میں صدر بش نے کہا کہ فیصلہ کرنے کا حق ان کا ہے اور کچھ لوگ عراق میں مزید فوجیں بھیجنے کے ان کے منصوبے کی ایک موقع دیے بغیر مخالفت کررہے ہیں۔ صدر بش کے تازہ منصوبے کے تحت امریکی فوجی بغداد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور امریکہ نے عراقی افواج کے ساتھ ملکر مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن کیے ہیں۔ بغداد میں اس سکیورٹی آپریشن کے لیے عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے عراقی پارلیمان سے خصوصی منظوری حاصل کی ہے۔ |