قیامِ امن کے لیے ’بارآور‘ مذاکرات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیرِ خارجہ کونڈو لیزا رائس نے رملہ میں فلسطین کے صدر محمود عباس سے مشرقِ وسطٰی میں قیامِ امن کے حوالے سے ’بار آور‘ مذاکرات کیے ہیں۔ فلسطینی صدر سے ملاقات کے بعد کونڈو لیزا رائس کا کہنا تھا کہ امریکہ اس خطے میں قیامِ امن کے ’روڈ میپ‘ پر عملدرآمد اور ایک فلسطینی ریاست کی تشکیل کا عزم رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات جان گئی ہیں کہ عرب رہنما چاہتے ہیں کہ امریکہ فسلطین اور اسرائیل کے تنازعے کے حل میں مزید اہم کردار ادا کرے۔ محمود عباس سے ملاقات سے قبل کونڈو لیزا رائس نے کہا تھا کہ مشرقِ وسطٰی میں امن عمل کے احیاء کے لیے ضروری ہے کہ اس عمل میں شریک طاقتیں اپنی ذمہ داریوں سے تخلیقی اور پرعزم طریقے سے عہدہ برا ہوں۔ سنیچر کو کونڈو لیزا رائس نے اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ ختم کرنے کے لیے ایک ’تخلیقی حل‘ درکار ہے۔ ادھر سنیچر کو حماس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کونڈو لیزا رائس کا دورہ علاقے میں مزید تفرقہ اور انتشار کا سبب بنے گا اور ’اسرائیل اور امریکہ فلسطین میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں‘۔ کونڈو لیزا رائس حالیہ دورے میں حماس کے کسی رہنما سے ملاقات نہںی رک رہی ہیں۔ اپنے دورے کے آغاز سے قبل بھی امریکی وزیرِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ مشرقِ وسطٰی کسی خاص منصوبے کے ساتھ نہیں جا رہیں تاہم وہ اپنے دورے میں خطے میں قیامِ امن کے امریکی حمایت یافتہ منصوبے کے بارے میں بات چیت میں تیزی لانے پر بات کریں گی۔
کونڈو لیزا رائس اپنے دورۂ مشرق وسطٰی میں اسرائیل اور فلسطینی علاقے کے علاوہ مصر، اردن، کویت اور سعودی عرب بھی جائیں گی۔ یروشلم میں بی بی سی کے نمائندے کٹیا ایڈلر کے مطابق عرب حکومتوں نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ عراق میں ان کی حمایت چاہتا ہے تو اسے اسرائیل، فلسطین معاملے میں مزید دلچسپی لینا ہوگی۔ یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ کونڈو لیزا رائس اپنے دورۂ مشرق وسطیٰ میں صدر بش کی ’نئی عراق پالیسی‘ کے حوالے سے خطے میں رائے ہموار کرنے کی کوشش کریں گی۔نئی عراق پالیسی کے حوالے سے کونڈو لیزا رائس کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران یا شام کو عراق میں کوئی ایسی سرگرمی جاری رکھنے نہیں دےگا جس کے نتیجے میں امریکی فوجیوں کو خطرہ لاحق ہو۔ |
اسی بارے میں کونڈالیزا رائس اسرائیل پہنچ گئیں 13 January, 2007 | آس پاس بش کی نئی پالیسی پر عالمی ردعمل 11 January, 2007 | آس پاس ’عراقی وزیر اعظم رعایتی وقت پرہیں‘11 January, 2007 | آس پاس عراق میں امریکی فوج میں اضافہ 10 January, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||