 | | | گزشتہ ایک سال کے اندر سری لنکا میں لڑائی شدید ہوئی ہے |
سری لنکا کے شمالی شہر جافنا کے قریب تامل باغیوں اور فوج کے درمیان ہونے والی لڑائی میں کم سے کم 129 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ سری لنکا کی فوج نے کہا ہے کہ اسے پچپن لاشیں ملی ہیں جبکہ تامل باغیوں نے چوہتر لاشیں بین الاقوامی امدادی ادارے ریڈ کراس کے حوالے کیے ہیں۔ یہ ہلاکتیں بدھ کے روز ہونے والی مسلح لڑائی میں ہوئیں۔ سن دو ہزار دو کے بعد سے سری لنکا کے فوجی اتنی بڑی تعداد میں کبھی بھی صرف ایک دن میں نہیں مارے گئے۔ سری لنکا میں تئیس برسوں سے مسلح تامل باغی تحریک جاری ہے۔ تامل باغی ایک علیحدی ریاست کا مطالبہ کررہے ہیں۔ فوج کے ترجمان بریگڈیئر پرساد سماراسنگھے نے بی بی سی کو بتایا کہ بدھ کے روز ہونے والی لڑائی میں دو سو تراسی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ باغیوں نے ایک فوجی کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ بعد میں ریڈ کراس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کی سنہالا سروِس کو بتایا کہ انہوں نے چوہتر لاشیں تامل باغیوں سے لیکر فوج کے حوالے کردی ہیں۔ سری لنکا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے دو سو باغیوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ تامل باغیوں نے صرف بائیس کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ غیرجانبدار ذرائع سے ہلاکتوں کی تصدیق ممکن نہیں ہے۔
|