امن فوج کی تشکیل پر مذاکرات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد اقوامِ متحدہ کی امن فوج کی تشکیل کے لیئے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوامِ متحدہ آئندہ دو ہفتے کے اندر جنوبی لبنان میں ابتدائیہ طور پر تقریباً ساڑھے تین ہزار افراد پر مشتمل امن فوج تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس امن فوج کے زیادہ تر فوجیوں کا تعلق فرانس سے ہوگا۔ امن فوج میں شمولیت سے متعلق اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں پنتالیس ممالک نے شرکت کی تھی لیکن تاحال کسی ملک نے باقاعدہ طور پر اپنے فوجی بھیجنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم فرانس، اٹلی، ترکی، ملائشیا اور انڈونیشیا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فوجی امن فوج میں شمولیت کے لیئے بھیجیں گے۔ اقوامِ متحدہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ لڑائی کی صورت میں امن فوج کے اختیارات پر خدشات پائے جاتے ہیں۔ ادھر لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا عمل تیسرے دن میں داخل ہوگیا ہے تاہم کئی علاقوں سے فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔ فرانس کے وزیرِ خارجہ فلپ دوست بلیزی بھی بیروت میں لبنانی وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ہیں جس میں لبنانی علاقے میں فرانسیسی فوجیوں کی تعیناتی پر بات ہوگی۔ فرانسیسی وزیرِ خارجہ کے علاوہ ترکی، ملائشیا اور پاکستان کے وزرائے خارجہ بھی اس سلسلے میں بات چیت کے لیئے بیروت میں موجود ہیں۔ اسرائیلی وزیرِ خارجہ بھی فائر بندی پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے کوفی عنان سے بات چیت کے لیئے نیویارک پہنچ چکی ہیں۔ تاہم اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کے ایک ترجمان نے موجودہ صورتحال کو انتہائی مخدوش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جلد از جلد امن فوج علاقے میں پہنچ جائے۔ اقوامِ متحدہ چاہتی ہے کہ علاقے میں موجود ’یونیفل‘ دستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ اسرائیلی فوج کے انخلاء اور پندرہ ہزار لبنانی فوجیوں کی جنوبی لبنان میں تعیناتی کے وقت اپنی پوزیشنیں سنبھال سکے۔ بعدازاں امن فوجیوں کی تعداد کو پندرہ ہزار تک بڑھا دیا جائے گا جیسا کہ اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قرارداد میں طے پایا ہے۔
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ دس دن تک اپنی فوج لبنان سے واپس بلا لے گا جبکہ لبنان نے کہا ہے کہ وہ اب اپنے پندرہ ہزار فوجی ملک کے جنوبی حصے میں منتقل کرنا شروع کر دے گا۔ تاہم اسرائیلی ریڈیو کے مطابق اسرائیل کے فوجی سربراہ جنرل ڈین ہالٹز نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا ہے کہ اسرائیلی افواج علاقے میں اس وقت تک رہیں گی جب تک بین الاقوامی افواج علاقے میں نہیں آ جاتیں چاہے اس میں ’مہینوں ہی کیوں نہ لگ جائیں‘۔ اسی دوران جنوبی لبنان میں اسرائیل کے انتباہ کے باوجود ہزاروں لبنانی پناہ گزینوں کی واپسی جاری ہے۔ امدادی ایجنسیاں بھی جنوبی لبنان میں خوراک اور ادویات پہنچنانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ اقوامِ متحدہ نے واپس آنے والے افراد کو ان بموں اورگولوں کی موجودگی سے خبردار کیا ہے جو علاقے میں گرائے گئے مگر پھٹے نہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اب تک ڈھائی لاکھ لبنانی علاقے میں واپس آ چکے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق مزید پانچ لاکھ افراد اپنے گھروں کی جانب چل پڑے ہیں۔ |
اسی بارے میں اسرائیل: آرمی چیف شیئرز میں الجھ گئے16 August, 2006 | آس پاس ’فتح‘ پر ایران اور شام کی مبارکباد15 August, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||