 | | | آٹھ لاکھ لبنانی شہری تنازعے کی زد میں آ کر بنیادی ضرورتوں سے محروم ہو گئے ہیں |
اقوام متحدہ نے تباہ حال لبنان کی امداد کے لیئے ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی امداد کی اپیل جاری کی ہے۔ اس علاوہ اقوام متحدہ نے لبنان کے مصیبت زدہ شہریوں کی مشکلات کو فوری طور پر کم کرنے کے لیئے خود اپنے وسائل سے تیس ملین ڈالر کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انسانی امداد کے لیئے اقوام متحدہ کے سرکردہ اہلکار جان ایگیلینڈ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو یہ رقم ان آٹھ لاکھ شہریوں کو اشیائے خورد و نوش اور پناہ مہیا کرنے کے لیئے چاہیے کے لیئے چاہیے جو جاری تنازعے کی زد میں آ گئے ہیں۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس بحران پر بات کرنے کے لیئے خطے کا دورہ کر رہی ہیں وار لبنان میں وزیراعظم اور اسرائیل میں وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کر چکی ہیں۔ لبنان پر اسرائیلی حملوں اور اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ حملوں کی تیرہ روزہ مہم کے دوران اب تک 380 سے زائد لبنانی اور 40 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والے لبنانیوں میں سے بیشتر عام شہری تھے اور ان میں سے ایک تہائی تعداد بچوں کی تھی۔ لبنان میں آٹھ لاکھ سے زائد متاثرہ افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔ اسرائیل نے حملے اس وقت شروع کیئے تھے جب حزب اللہ نے اس کے دو فوجیوں سرحد پر ہونے والی ایک کارروائی کے دوران پکڑ لیا تھا۔ |