کینیڈا: چھاپوں میں سترہ گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کینیڈا کے پولیس حکام کے مطابق ٹورانٹو میں پولیس نے انسداد دہشتگردی آپریشن کے تحت چھاپے مار کر بارہ بالغ مردوں اور پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بارہ افراد کے خلاف مقدمہ رجسٹر کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد القاعدہ طرز پر جنوبی اونٹاریو میں دہشتگردانہ حملوں کے سلسلے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ جنوبی اونٹاریو کو کینیڈا کے کاروباری مرکز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ گرفتار شدگان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ بظاہر ایشیائی نژاد کینیڈا کے شہری ہیں۔ ان میں سے کچھ طالب علم ہیں، کچھ ملازمین اور کچھ بے روز گار۔ پولیس کو چھاپوں کے دوران ایسے اجزا ملے ہیں جو بموں کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں تین ٹن ایمونیم نائٹریٹ بھی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروپ ’حقیقی اور سنگین‘ خطرے کا باعث تھا۔ ان کے پاس ایسے بم حملے کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔ ایمونیم نائٹریٹ عام طور پر استعمال ہونے والی ایک کھاد ہے۔ کینیڈا کی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ایک اسسٹنٹ کمشنر مائیک میکڈونل کا کہنا ہے ’اوکلاہوما سٹی میں 1995 کی بمباری جس میں 168 افراد ہلاک ہوئے تھے، اس میں صرف ایک ٹن ایمونیم نائٹریٹ استعمال کی گئی تھی‘۔ ’ہماری تحقیقات اور گرفتاریوں کے باعث بموں کی تیاری اور دھماکے کرنے کا منصوبہ تکمیل سے پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا ہے‘۔ کینیڈا کی رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس اور سکیورٹی کے دیگر سرکاری ادارے، بشمول بارڈر سکیورٹی اور انٹیلیجنس، انسداد دہشتگردی کے ایک تحقیقاتی منصوبے پر کام کررہے ہیں جس میں 400 افراد شامل ہیں۔ پیر کو کینیڈا کی خفیہ ایجنسی کے ایک اعلٰی اہلکار نےکہا تھا کہ ان کا ادارہ سینکڑوں افراد اور پچاس سے زائد اداروں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مائیک میکڈونل کا کہنا ہے کہ ’کینیڈا میں دہشتگردی کا اتنا ہی خدشہ ہے جتنا کہ کسی بھی دوسرے ملک میں‘۔ بارہ افراد کی عمریں 19 سے 43 سال کے درمیان ہیں جبکہ پانچ نوجوان اٹھارہ سال سے کم عمر ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں ممکن ہیں۔ خبر رساں ادرے سی این این کے مطابق گرفتار شدگان کے نام یہ ہیں: 21 سالہ فہیم احمد، 20 سالہ زکریہ عمارہ، 21 سالہ اسد انصاری، 30 سالہ شریف عبدالحلیم، 43 سالہ قیوم عبدل جمال، 22 سالہ محمد دری، 24 سالہ یاسین عبدی محمد، 23 سالہ جمال جیمز، 19 سالہ امین محمد درانی، 25 سالہ سٹیون وکیش چاند، 21 سالہ احمد مصطفٰی غنی اور 19 سالہ سعد خالد۔ گرفتار شدگان کو ہفتہ کی شام ٹورانٹو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ | اسی بارے میں لندن میں کیمیکل ڈیوائس کی تلاش03 June, 2006 | آس پاس لیڈز میں چھاپے: ویڈیو12 July, 2005 | آس پاس گرفتاریوں کے بعد مزید چھاپے 30 July, 2005 | آس پاس ’مشتبہ بمبار پاکستانی نژاد تھے‘12 July, 2005 | آس پاس برمنگھم: مطلوب عمر یاسین گرفتار27 July, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||