 | | | حکومت کے علاوہ کسی دوسرے کو ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: مالکی |
عراق کے نومنتخب وزیراعظم نوری المالکی نے کہا ہے وہ دہشت گردی کے خلاف ’بھرپور طاقت‘ استعمال کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ قومی ہم آہنگی کو فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر مالکی نے عراق کی نئی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران کیا۔ نومنتخب وزیر اعظم نے کہا کہ ’ حکومت کے علاوہ کسی دوسرے کو ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دہشتگردی، قتل وغارت اور ہلاکتیں معمول کی باتیں نہیں ہیں اور ہمیں ملک سے ملیشیا کا خاتمہ کرنا ہے۔‘ دہشگردی کے خاتمے کے عہد کا اظہار کرنے کے علاوہ مسٹر مالکی نے حالات کو معمول پر لانے کے لیے قومی سطح پر مفاہمت اور دیگر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اگرچہ عراقی کابینہ میں سنی، شیعہ اور کرد جماعتوں کو شامل کیا گیا ہے تاہم ابھی تک تین اھم وزارتوں (قومی سلامتی، امور داخلہ اور دفاع) کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ مسٹر مالکی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان تین وزارتوں کے بارے میں اتفاق رائے آئندہ دو تین دنوں میں ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بغداد کی سکیورٹی کے لیے ایک مجوزہ خصوصی فورس کے خد وخال بھی بیان کیے۔ |