’تم گھٹ گھٹ کر مرو گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں میں ملوث القاعدہ کے رکن اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے زکریا موساوی کو عمر قید کی سزا سنانے والی جج لیونی برنکما نے موساوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ تم گھٹ گھٹ کر مرو گے‘۔ جج نے ان کو جو سزا سنائی ہے اس میں رہائی یا ’پے رول‘ کی بھی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ جج لیونی برنکما نے کہا کہ’ تمہیں بولنے کا موقع پھر کبھی نہیں ملے گا اور یہی تمہارا مناسب اختتام ہے‘۔ ورجینیا کی عدالت میں اپنے آخری بیان میں القاعدہ کے رکن نے کہا کہ ’امریکہ پر خدا کا عذاب نازل ہو اور اسامہ کی خدا حفاظت کرے اور تم اس تک کبھی نہیں پہنچ سکتے۔‘
جمعرات کے روز عدالت میں پیشی کے دوران انہوں نے امریکہ پر لعنت بھیجی اور گیارہ ستمبر کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کو منافق قرار دیا۔ جج لیونی برنکما نے کہا کہ زکریا نے اپنے جرم پہ کسی قسم کے تاسف کا اظہار نہیں کیا اور وہ اپنی زندگی کے دن جیل میں پورے کریں گے اور شان و شوکت سے نہیں بلکہ ذلت کی موت مریں گے۔ جج نے موساوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب یہ کارروائی ختم ہو جائے گی، اس کمرے میں موجود سب لوگ سورج کو دیکھ سکیں گے، پرندوں کی چہچہاہٹ سن سکیں گے۔۔۔ تم اپنی ساری باقی زندگی سپر میکس جیل میں گزارو گے۔ یہ بالکل واضح ہے کہ کون جیتا ہے‘۔ سینتیس سالہ موساوی امریکی ریاست کولاراڈو کی انتہائی سخت سکیورٹی والی جیل میں باقی زندگی قید تنہائی میں گزاریں گے۔ فرانسیسی شہریت رکھنے والے موساوی کو بدھ کو ایک جیوری نے موت کی سزا سنائے جانے کی بجائے عمر قید سزا سنانےکی سفارش کی تھی۔
عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے موساوی نے کہا کہ انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے حالانکہ انہوں نے کسی پر حملہ نہیں کیا۔ موساوی نے کہا کہ ’میں آزاد ہو جاؤں گا اور میری آزادی اس بات کا ثبوت ہو گی کہ ہم خدا کے سپاہی ہیں اور تم شیطان کی فوج ہو‘۔ جب موساوی کو عدالت سے لے جایا جا رہا تھا تو انہوں نے دوبارہ بلند آواز میں کہا کہ ’میں آزاد ہو جاؤں گا۔ جارج بش کے دور کے اختتام سے پہلے باہر آ جاؤں گا‘۔ جج برنکما نے موساوی سے یہ بھی کہا کہ ’تمہیں سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے لیکن یہ ایک فضول عمل ہو گا‘۔ موساوی کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کو فرانس منتقل کر دیا جائے جہاں وہ عمر قید کی سزا کاٹیں۔ موساوی کی والدہ نے فرانسیسی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ موساوی کو فرانس منتقل کرنے کی بات امریکی حکام سے کریں۔ امریکی اٹارنی جنرل ایلبرٹو گونزالس نے کہا کہ اگر انہیں اس قسم کی کوئی درخواست ملی تو وہ اس پر ضرور غور کریں گے۔ گوانزالس نے عدالت کی طرف سے موساوی کو سنائی جانے والی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا۔ استغاثہ نے ان کے لیئے یہ کہہ کر سزائے موت طلب کی تھی کہ ’ان کے لیئے اس اچھی زمین پر کوئی جگہ نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ عدالت نے انصاف کیا جبکہ نیویارک کے میئر روڈولف جولیانی نے کہا کہ وہ سزائے موت نہ سنائے جانے پر مایوس ہیں۔ |
اسی بارے میں موساوی کو عمر قید04 May, 2006 | آس پاس زکریا موساوی کے حق میں گواہی18 April, 2006 | آس پاس ’حملے کا حکم اسامہ نے دیا تھا‘27 March, 2006 | آس پاس ’ہائی جیکر پکڑے جا سکتے تھے‘24 March, 2006 | آس پاس ’ہائی جیک پلاٹ سے خبردار کیا تھا‘21 March, 2006 | آس پاس ’موساوی نے 11/9 کا منصوبہ چھپایا‘08 March, 2006 | آس پاس 11 / 9 کا ریکارڈ عوام کے سامنے13 August, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||