ہولوکاسٹ کے منکر کی اپیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانوی مؤرخ ڈیوِڈ اروِنگ نے آسٹریا کی ایک عدالت کی جانب سے دوسری جنگ عظیم میں یہودیوں کی نسل کشی یا ہولوکاسٹ کو جھٹلانے کے جرم میں سنائی جانے والی تین سالہ قید کی سزا کے خلاف اپیل کر دی ہے۔ اپیل میں ارونگ کی وکیل نے عدالت سے معاملے پر نرمی سے غور کرنے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے مؤکل کے خیالات میں تبدیلی آ گئی ہے۔ یاد رہے کہ پیر کے روز آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کی ایک عدالت نے دوسری جنگ عظیم میں ہولوکاسٹ کو جھٹلانے کے جرم میں برطانوی مؤرخ ڈیوِڈ اروِنگ کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران ہٹلر کے دور اقتدار میں یہودیوں کی نسل کشی، بالخصوص پولینڈ کے شہر آشوِٹز میں بنائے گئے گیس چیمبرز میں ساٹھ لاکھ یہودیوں کی ہلاکت، کو انگریزی کے لفظ ہولوکاسٹ سے جانا جاتا ہے۔ ڈیوِڈ اِرونگ نے عدالت کے سامنے اقرار جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انیس سو نواسی میں ان سے غلطی ہوئی تھی جب انہوں نے پولینڈ کے شہر آسوِٹز میں گیس چیمبروں کی موجودگی سے انکار کیا تھا۔ عدالت سے تین سال کی سزا سنائے جانے کے بعد اروِنگ نے کہا تھا کہ وہ اس فیصلے سے حیران رہ گئے ہیں۔ ان کی وکیل کا بھی کہنا تھا کہ ’عدالت اس سزا کے ذریعے پیغام دینا چاہتی تھی مگر یہ پیغام کچھ زیادہ ہی سخت ہے‘۔ اِرونگ نے 1989 میں آسٹریا میں ایک تقریر کے دوران آشوِٹز میں گیس چیمبرز کے وجود کو جھٹلایا تھا۔ انہیں گزشتہ نومبر اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ دائیں بازو کے انتہاپسند طلباء کی دعوت پر تقریر کے لیے آسٹریا گئے۔ ہولوکاسٹ سے انکار کرنا آسٹریا میں قابل تعزیر جرم ہے جس پر دس سال قید تک کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ آسٹریا کی جیل سے ارونگ نے بی بی سی کو ایک خط بھی لکھا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گیس چیمبرز کے وجود کے بارے میں ان کے کچھ خیالات میں تبدیلی آئی ہے۔ پیر کی صبح جب اروِنگ عدالت میں داخل ہورہے تھے تو بی بی سی کے نامہ نگار بین براؤن نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کو لگتا ہے کہ ہولوکاسٹ کا واقعہ پیش آیا۔ اِروِنگ کا جواب تھا: ’ایک بدترین سانحہ پیش آیا‘۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا چھ ملین یہودی مارے گئے تو انہوں نے کہا: ’لاکھوں لوگ مارے گئے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کے ’شواہد ہیں کہ گیس چیمبرز وجود میں تھے۔‘ حالیہ دنوں میں ہولوکاسٹ کا موضوع بین الاقوامی سیاست میں اس وقت ابھر کر پھرسے سامنے آیا جب ایران کے صدر احمدی نژاد نے اس واقعے کو غلط بتایا اور اس بارے میں عالمی سطح پر ایک کانفرنس کرانے کی بات کی تھی۔ | اسی بارے میں یہ کارٹون جعلی ہے: کارٹونِسٹ14 February, 2006 | آس پاس ’اب کبھی ایسا نہیں ہوگا‘ عنان24 January, 2005 | آس پاس ’پھر کبھی ایسا نہ ہو۔۔۔‘25 January, 2005 | صفحۂ اول آشوِز کی آزادی کی تقریب27 January, 2005 | آس پاس آشوز کی تقریب کی ویڈیو 27 January, 2005 | آس پاس یہودیوں پر’ظلم‘ سےانکارپرگرفتاری 18 November, 2005 | فن فنکار ’ہولوکاسٹ ایک افسانہ ہے‘14 December, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||