 | | | اسرائیلی عوام کو شیرون کی مکمل صحتیابی کا یقین نہیں ہے |
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم ایرئیل شیرون کے تازہ ترین معائنے سے پتہ چلا ہے کہ ان کی دماغی حالت میں بہتری آئی ہے۔ ہسپتال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شیرون کے دماغ پر موجود سوجن میں ہلکی سی کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم ان کی مجموعی حالت’ نازک‘ ہی ہے۔ ڈاکٹروں نے اس سے قبل کہا تھا کہ جمعہ کو ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں شیرون کے دماغ پر پڑنے والا دباؤ کم ہوا ہے۔ ستّتر سالہ شیرون کو ڈاکٹروں نے بدھ کی رات پڑنے والے دورے کے بعد ’ کوما‘ کی حالت میں بھیج دیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کو اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ شیرون کے دماغ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے انہیں’ کوما‘ سے باہر لایا جائے یا نہیں۔ حداثہ ہسپتال کے ڈائریکٹر شولمو مور یوسف کا کہنا ہے کہ شیرون کی جان خطرے میں ہے تاہم ان کے ’ وائٹل سائن‘ مستحکم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ ہم ان کی حالت میں بہتری کے بارے میں اس وقت ہی بتا سکیں گے جب ہم ان کی بے ہوشی کو آئندہ چند روز میں کم کریں گے۔ شیرون کے تمام دیگر ’وائٹل سائن‘ جیسا کہ نبض اور خون کا دباؤ معمول کے مطابق ہے‘۔ یروشلم میں بی بی سی کے نمائندے جیمز رونلڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں اس بات کی بہت کم امید کی جا رہی ہے کہ ایریئل شیرون مکمل طور پر صحتیاب ہو سکیں گے۔ |