’اسرائیل کو ختم کرنے کا ارادہ نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرتا رہے گا اور اس کا اسرائیل پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹا دینے کی بات کرنے پر ایران کے صدر احمدی نژاد کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے مذمت کے بارے میں ایران کا موقف ہے کہ یہ سب کچھ صہیونی طاقتوں کے جرائم پر پردہ پوشی کے لیے کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اقوامِ متحدہ کے سیکٹری جنرل کوفی عنان نے بھی ایران کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر دستخط کرنے کے بعد ایران کسی ملک کے بارے میں ایسے دھمکی نہیں دے سکتا۔ اسرائیل نے جس نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی تھی، کونسل کی جانب سے احمدی نژاد کی مذمت کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم ایران کے صدر اپنی کہی ہوئی بات پر قائم ہیں اور انہوں نے دارالحکومت تہران میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عالمی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سلامتی کونسل ایران کے صدر احمدی نژاد سے منسوب اس بیان کی مذمت کرتی ہے جس میں اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی بات کی گئی ہے۔‘ یوم القدس کے موقع پر ایران میں جمعہ الوداع کو نکلنے والے اس جلوس میں جو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجتی کے طور پر منایا جاتا ہے، ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ گزشتہ روز ایران کی وزارتِ خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مغرب میں واقع ایران کے سفارت خانے ’صیہونی جرائم‘ پر یورپی رویے کے خلاف احتجاج کریں گے۔ تاہم اس بیان میں صدر احمدی نژاد کے متنازعہ جملوں کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی پیچیدہ صورتِ حال کی ذمہ داری (مغربی دنیا کی طرف سے) اسرائیل کی مسلسل حمایت پر عائد ہوتی ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم نے اس سے پہلے روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لیوروف سے ملاقات کے بعد کہا کہ اقوامِ متحدہ ایران کو ادارے سے باہر نکال دے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار بنا لیے تو نہ صرف اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ بلکہ یورپ کو بھی خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ | اسی بارے میں پابندیوں کی دھمکی نہ دیں: ایران19 September, 2005 | آس پاس احمدی نژاد کو ویزا دیں گے: صدر بش12 August, 2005 | آس پاس ایرانی موقف:یورپی یونین کی نرمی22 September, 2005 | آس پاس ’بم دھماکے میں ایران ملوث تھا‘05 October, 2005 | آس پاس برطانوی الزام جھوٹ ہے: ایران06 October, 2005 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||