احمدی نژاد کو ویزا دیں گے: صدر بش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے صدر جارج بش نے کہا ہے کہ ایران کے نو منتخب صدر محمود احمدی نژاد کو آئندہ ماہ نیویارک میں ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ کا ویزا دے دیا جائے گا۔ صدر بش نے اس بات کا اعلان ٹیکساس میں امریکی وزارتِ خارجہ کے مشیروں سے ایک غیر سرکاری ملاقات کے بعد کیا۔ یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ اس دعویٰ کے بعد کہ ایرانی صدر 1979 میں تہران میں امریکی سفارتخانے پر قبضے کے مہم میں شامل تھے، محمود احمدی نژاد کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی حکام احمدی نژاد کے سفارتخانے پر قبضے کے مہم میں شامل ہونے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ امریکی تفتیش کار ابھی تک اس نتیجہ پر نہیں پہنچے ہیں کہ ایرانی صدر 1979 کی اس قبضہ مہم میں شامل تھے یا نہیں۔ محمود احمدی نژاد اس بات سے انکار کرتے آئے ہیں کہ وہ 1979 کی مذکورہ مہم میں شامل تھے۔ ایران کے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر صدر بش کا کہنا تھا کہ اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ساری دنیا اس کی مذمت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں آئی اے ای اے کی جانب سے تشویش کا اظہار پہلا مثبت قدم ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||