افغانستان: امریکی ہیلی کاپٹر تباہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افغانستان میں ان کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں عملے کے پانچوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سی ایچ۔ 47 چنوک ہیلی کاپٹر صوبہ زابل کے علاقے دے چوپان کے نزدیک ایک فوجی آپریشن کے دوران تباہ ہوا۔ امریکی فوجی دستے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت ہیلی کاپٹر فوجیوں کو زمین پر چھوڑ کر واپس جا رہا تھا۔ فوجی حکام نے کہا ہے کہ ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ ہیلی کاپٹر پر حملہ کیا گیا ہو لیکن پھر بھی حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ طالبان کے ترجمان ہونے کا دعویٰ کرنے والے عبدالطیف حکیمی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ’ہم نے اینٹی ائیرکرافٹ راکٹ سے ہیلی کاپٹر گرایا ہے‘۔ زابل کے گورنر گلاب شاہ علی خیل نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اتحادی فوج نے دے چوپان کے علاقے مارا میں فوجی آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ اس سال فوجی آپریشنوں میں کئی امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکے ہیں۔ گزشتہ جون میں پاکستان کے بارڈر کے نزدیک ایک مشتبہ مزاحمت کاروں نے ایک چنوک ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا جس میں سولہ امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اپریل میں بھی بگرام کے ہوائی اڈے پر ایک امریکی ہیلی کاپٹر کے گرنے سے پندرہ امریکی فوجی اور تین امریکی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||