ہیلی کاپٹر حادثہ: نیٹو فوجی ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان میں ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں نیٹو کی فوج میں خدمات سر انجام دینے والے اسپین کے متعدد فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ وزارت دفاع کے حکام نے ابتداء میں کہا کہ اسپین کے سترہ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں مگر نیٹو کی جانب سے اب تک اس واقعے کی کوئی تصدیق جاری نہیں کی گئی ہے۔ مغربی افغانستان کے ہرات شہر کے قریب دو ہیلی کاپٹر دھماکے سے پھٹ کر زمین پر گرگئے۔ بین الاقوامی فوررسز کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہونے والے پارلیمان کے انتخابات سے قبل ہیلی کاپٹر اپنی تربیتی پرواز پر تھے۔ ہیلی کاپٹروں کے پھٹنے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہے۔ کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے سے ذرا دیر پہلےاس علاقے میں ریت کا طوفان آیا تھا۔ بعد میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر ہرات کے جنوب میں دھماکے سے پھٹا جبکہ دوسرے کو مجبوراً زمین پر اترنا پڑا۔ اس علاقے میں موجود نیٹو کی فوج نےامدای کام کا آغاز کر دیا ہے اور زخمی فوجیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اسپین کے فوجیوں کی افغانستان میں ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ افغانستان میں اسپین کے آٹھ سو پچاس فوجی نیٹو کی فوج کا حصہ ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||