 |  ڈاکٹر ذکی بداوی نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حجاب کا حکم خواتین کے تحفظ کے لیے ہے |
برطانیہ میں ایک سرکردہ مسلم رہنما ڈاکٹر ذکی بداوی نے رائے دی ہے کہ سات جولائی کو لندن بم دھماکوں کے بعد اگر مسلم خواتین عام مقامات پر حجاب کے ساتھ خود کو خطرے میں محسوس کریں تو وہ حجاب ترک کرسکتی ہیں۔ ڈاکٹر ذکی بداوی نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حجاب کا حکم خواتین کے تحفظ کے لیے ہے لیکن اگر حجاب خود خطرے کا باعث بنے تو اسے ترک کیا جاسکتا ہے۔ لندن کے مسلم کالج کے سربراہ اور برطانیہ کے کونسل برائے مساجد اور امام کے چیر مین ہیں۔ انہوں نے یہ رائے ایسے وقت پر جاری کی ہے جب مسلمانوں پر نسلی منافرت کے حلموں میں تقریباً چھ سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ لندن میں سات جولائی کو ہونے والے حملوں کے بعد تین ہفتوں میں مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت کے دو سو ستر کے قریب جرائم کیے گئے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں چالیس ایسے جرائم ہوئے تھے۔ |