پاکستانی ملوث نہیں ہیں: مصر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مصری حکومت نے کہا ہے کہ شرم الشیخ میں ہونے والے خود کش حملوں میں پاکستانی ملوث نہیں ہیں۔ ایک بیان میں پاکستان میں مصر کے سفیر حسین حیدری نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ اس کا کوئی بھی شہری شرم الشیخ میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے۔ مصری سفیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی موقع پر مصر کی حکومت نے کسی بھی پاکستانی باشندے پر ان حملوں میں ملوث ہونے کا الزام نہیں لگایا۔ پیر کو قاہرہ سے ملنے والی اطلاعات میں یہ کہا گیا تھا کہ مصر کی پولیس نے چھ پاکستانیوں کی تصاویر اور کوائف جاری کیے ہیں جو کہ شرم الشیخ میں ہونے والے دھماکوں سے قبل غائب ہو گئے تھے۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ ان افراد کو دھماکوں کے تناظر میں ہی تلاش کیا جا رہا ہے۔ اس خبر سے پاکستان کے حکومتی حلقوں میں تشویش پھیل گئی تھی اور یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر کوئی بھی پاکستانی مصر کے حملوں میں ملوث نکلا تو یہ ملکی ساکھ کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو گا۔ مصری سفیر کی جانب سے جاری کیے جانے والے اس بیان سے پاکستانی حلقوں نے سکون کا سانس لیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||