شہریوں کو نشانہ نہ بنائیں: ملا عمر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
طالبان لیڈر ملا عمر نے طالبان جنگجوؤں سے کہا ہے کہ وہ بیرونی دشمنوں کے خلاف جنگ میں عام شہریوں کو نشانہ نہ بنائیں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ ملا عمر نے یہ پیغام ایک آڈیو ٹیپ کے ذریعے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں تمام طالبان سے کہتا ہوں کہ وہ عام لوگوں پر رحم کریں اور کسی کو تنگ نہ کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں‘۔ اس پیغام میں ملا عمر نے افغان علماء پر بھی زور دیا کہ وہ دشمن کو پہچانیں اور پروپیگنڈا سے متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’ مجاہدین افغان علماء کی روحانی اولاد ہیں‘۔ 2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان نے ملا عمر کی آواز میں کوئی بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان کے جاری ہونے کے بعد طالبان کے ترجمان مفتی لطیف اللہ حکیمی نے ٹیلیفون کے ذریعے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہم نے کنہڑ سے غزنی اور غزنی سے بلخ تک دو چودہ رکنی فوجی کونسلیں تشکیل دے دی ہے۔ یہ کونسلیں مجاہدین سپریم کونسل سے رابطے میں رہیں گی‘۔ طالبان لیڈر ملا عمر افغانستان میں اتحادی افواج کو سب سے زیادہ مطلوب افراد میں سے ایک ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||