لندن: دو ملزمان گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لندن میں بم حملوں کے منصوبہ سازوں کی تلاش میں پولیس نے برمنگھم سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے پہلے ایک ملزم کو جنوبی لندن سے گرفتار کیا گیا تھا جس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ برمنگھم سے میں ملزم کو دو سوٹ کیسوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ ان سوٹ کیسوں کا لندن کے بم دھماکوں سے تعلق ہو سکتا ہے۔ پولیس نے ابھی گرفتار شخص پر کوئی الزام نہیں لگایا اور اس کے پاس سے برآمد کیے جانے والے سوٹ کیسوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملزم کو جس کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، انگلینڈ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم کے ریلوے اسٹیشن سنو ہل سے گرفتار کیا گیا۔ جنوبی لندن میں گرفتاری پولیس کے مطابق خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ سے حاصل کی جانے والے تصاویر کے جاری کیے جانے کے کچھ ہی دیر بعدعمل میں آئی۔ یہ تصاویر لندن کے جنوبی علاقے سٹاک ویل میں پولیس کے ہاتھوں ایک مشتبہ شخص کو ٹیوب سٹیشن پر گولیاں مار کر ہلاک کیے جانے کے بعد جاری کی گئی تھیں۔ پولیس کو ناکام حملوں کے بعد فرار ہونے والے چار افراد کی تلاش ہے لیکن ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ جس شخص کو جنوبی لندن سے گرفتار کیا گیا ہے وہ ان چار افراد میں سے ہے یا اسے کسی اور شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||