فنزبری پارک میں بردباری کی تلقین | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لندن میں فنزبری پارک کی مسجد میں ہر جمعے کئی قوموں کے لوگ نماز پڑھنے جمع ہوتے ہیں۔ الجیریا اور صومالیہ جیسے افریق ممالک سے لے کر بنگلہ دیش اور پاکستان جیسے ایشیائی ممالک کے باشندوں تک مختلف رنگ و نسل کے لوگ وہاں نظر آتے ہیں۔ لندن میں بم حملوں کے ایک ہفتے بعد جمعہ کے دن نمازی تو ویسے ہی نماز پڑھنے آئے لیکن مسجد کے دروازے کے سامنے آٹھ یا دس پولیس والے بھی کھڑے نظر آئے۔ مسجد کے امام فیصل درمی کے مطابق پولیس کی موجودگی سے نمازیوں میں احساس تحفظ پیدا ہوتا ہے۔ اور پولیس کی زیادہ تعداد ان کی درخواست پر نہیں بلکہ یہ لندن پولیس کا اپنا فیصلہ ہے۔ اس مسجد میں خطبہ عربی میں دیا جاتا ہے جس کا ساتھ ساتھ انگریزی ترجمہ بیان کیا جاتا ہے۔ اس ہفتے کے خطبے میں سب سے پہلے تو ذرائع ابلاغ اور خصوصًا مغربی ذرائع ابلاغ پر تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ اگر کسی اور مذہب کا کوئی فرد جرم کرے تو صرف اسی شخص کا نام لیا جاتا ہے لیکن کوئی مسلمان جرم کرے تو اسے مسلمان کہہ کر ایک طرح سے اس کے فعل کی ذمہ داری پوری مسلم امہ پر ڈال دی جاتی ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اگر کسی شخص نے کوئی غلط کام کیا ہے تو صرف اس کا نام لیا جائے۔ اس کے خاندان یا برادری پر اس کے فعل کی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔ یہ بھی کہا گیا کہ اسلام میں قتل حرام ہے اور حالت جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں۔ بلا جھجک کسی کو بھی مار ڈالنا جائز نہیں۔ خطبے کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ رسول اللہ کی تعلیمات کے مطابق ہر شخص اپنے اعمال کا خود ذمہ دار ہے ا س لیے نہ تو شر کی پیروی کرنی چاہیے اور نہ ہی اس بہانے برائی کرنا جائز ہے کہ یہ کسی دوسرے کی حرکت کا رد عمل ہے۔ جمعہ کی نماز میں دو پاکستانی نوجوان بھی شامل تھے۔ان دھماکوں سے ان کی زندگی کیسے متاثر ہوئی۔ کراچی سے آئے سید عماد الحسن بتاتے ہیں: ’تھوڑا سا خوف مجھے محسوس ہو رہا تھا۔ مثلاً سٹیشن پر ایک شخص نے مجھے دھکا دیا اور انگریزی میں برا بھلا کہتے ہوئے گزر گئے۔‘ عماد الحسن نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ایک دوست پر ایک مقامی شخص تھوک کر چلا گیا۔ لیکن ان کے ساتھ ہی کھڑے ان کے دوست آصف علی نے بتایا کہ انہیں لندن میں کوئی خوف نہیں لیکن یہاں رہنے والوں کا غصہ بجا ہے۔ ’ظاہر ہی بات ہے کسی کے ملک میں اس طرح کوئی کرے گا تو مزاحمت تو ہوگی۔ اور رد عمل کرتے بھی ہیں تو ان کا حق ہے۔ اگر پاکستان میں اس طرح ہو تو پاکستانی برداشت تھوڑی کریں گے۔‘ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||