قیدیوں کی تلاش میں بڑی کارروائی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان میں جیل سے فرار ہونے والے چار قیدیوں کی تلاش میں امریکی فوج نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ قیدی افغانستان میں بگرام میں امریکہ کے مرکزی فوجی اڈے سے فرار ہوئے تھے۔ اس کارروائی میں ہیلی کاپٹر زمین پر امریکی فوجیوں اور مقامی حکام کی مدد کر رہے ہیں۔ امریکی فوج نے بتایا کہ فرار ہونے والوں کا تعلق سوریہ(شام)، کویت، سعودی عرب اور لیبیا سے ہے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ بگرام میں جیل سے فرار کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ بگرام فوجی اڈے کی جیل میں سینکڑوں افراد زیر حراست ہیں جن میں افغانستان کے شہری اور غیر ملکی سبھی شامل ہیں۔ قیدیوں کے فرار کے بعد امریکی فوج نے فوجی اڈے کے چاروں طرف ناکے قائم کر دیئے ہیں۔ امریکی فوج کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے کیونکہ وہ ہمارے اڈّے سے فرار ہوئے اور ہم انہیں واپس اڈّے میں پہنچانا چاہتے ہیں‘۔ ترجمان نے کہا کہ قیدیوں نے کیسری رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا جو ان کو نمایاں کر دے گا لیکن اب تک شاید وہ کپڑے بدل چکے ہوں گے۔ دو منزلہ عمارت میں جس میں قیدیوں کو رکھا جاتا ہے فوجی اڈے کے کافی اندر ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار اینڈریو نارتھ کے مطابق قیدیوں کو جیل سے اڈے کی سرحد تک پہنچنے کے لیے کئی ناکوں سے گزرنا پڑا ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||