| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بگرام دھماکے میں چھ ہلاک
افغانستان میں بگرام کے ہوائی اڈے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں، موقع پر موجود لوگوں کے مطابق، چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔ کابل میں موجود بی بی سی کے صحافی بلال سروری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہوائی اڈے سے، جو امریکی فوج کا مرکز بھی ہے، تقریباً دو سو میٹر دور ایک گاؤں میں پیش آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔ بلال سروری نے کہا کہ دھماکہ ایک گھر میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوا اور اس گھر کے قریب بچے بھی کھیل رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کے گھروں میں اکثر گن پاؤڈر موجود رہتا ہے کیونکہ علاقے کے لوگ عموماً بارودی مواد کی خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ دہشت گردانہ کارروائی دکھائی دیتا ہے نہ ہی امریکی فوج کے خلاف کوئی اقدام بلکہ یہ صرف ایک حادثاتی واقعہ لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی پر مبنی نہیں ہے۔ امریکی ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ زخمیوں کو بگرام میں واقع ایک فوجی اسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||